لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے 25مئی کو پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کے موقع پر ہونے والے تشدد کے واقعات کی تحقیقات کے لئے جسٹس (ر) شبر رضا رضوی کی سربراہی میں ایک رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹربیونل قائم کردیا ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق ٹربیونل کے ٹی او آرز میں 25 مئی کے واقعات کے حقائق اور وجوہات، مارچ سے قبل اور بعد میں واقعات پر پنجاب حکومت کی طرف سے لئےگئے اقدامات،ذمہ داروں کا تعین اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے سفارشات مرتب کرنا شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے آئندہ ہفتے 3 اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ پر اشتہاری مہم چلائی جائیگی جس میں عوام سے25 مئی کےواقعات سے متعلق تحریر ی شہادتیں طلب کی جائینگی۔ جسٹس (ر) شبر رضا رضوی کے ساتھ گریڈ 16 کے دو پرسنل اسسٹنٹ سجاد علی اور صہیب اختر کو بھی تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے 25 مئی تشدد واقعات کی تحقیقات کیلئے ایک رکنی خصوصی ٹربیونل قائم کردیا








