وفاقی وزیرِ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان کے خلاف فوج داری مقدمہ درج کیا جائے گا۔ اس کیس میں اب کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں، سب کچھ سامنے ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ ریفرنس اور توہینِ عدالت کیس میں عمران خان ثابت شدہ مجرم ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ ریفرنس میں نہ تو عمران خان انکار کر سکتے ہیں اور نہ ہی اُنہوں نے انکار کیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ القادر ٹرسٹ میں عمران خان نے قوم کو 50 ارب روپے کا ‘ٹیکہ لگایا، اس کا بھی حساب لیا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ وہ فسادی ٹولے کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ عوام کے لیے مشکلات اور امن و امان کے مسائل پیدا کرنے سے باز رہیں۔
عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے بعد ہونے والے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وہ آئی جی پنجاب اور خیبرپختونخوا سے کہیں گے کہ وہ عوام کی مشکلات دُور کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر مظاہرین احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو سڑک کے ایک طرف ہو کر احتجاج کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان اور ان کے حواریوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ ابھی تک عمران خان سے کئی معاملات میں حساب لینا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف فساد کے بجائے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بے شک عدالت سے رُجوع کرے، یہ آپ کی سزا ہے، اس کی سزا لوگوں کو نہ دی جائے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ آپ کو کس نے کہا تھا کہ توشہ خانہ کے تحائف ‘چوری کر کے گھر لے جائیں۔
عمران خان کے خلاف اب فوجداری مقدمہ درج ہو گا: رانا ثناء اللہ








