اسلام آباد: قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سیمی فائنل میں حسن علی سے کیچ چھوٹنے کے بعد کی جانے والی گفتگو کے بارے میں بتایا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سیمی فائنل پر گفتگو کی جس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی تھی۔
شعیب ملک نے کہا کہ حسن علی نے جب میتھیو ویڈ کا کیچ چھوڑا تو میں نے اسے کہا کہ یہ کوئی دنیا کا اختتام نہیں ہے، اس لیے پریشانی کی ضرورت نہیں، ہم اب بھی کھیل میں ہیں لہٰذا جب تک آخری گیند نہیں ڈل جاتی تو تم جو چاہتے ہو وہ سوچو، تم اس وقت اہم جگہ کھڑے ہو، ہوسکتا ہے اگلی ہی گیند پر کیچ پھر تمہارے پاس آجائے۔
انہوں نے کہا کہ حسن کے کیچ چھوٹنے کے بعد مجھے محسوس ہوا کہ اس کے پاس جاکر اس کا حوصلہ بڑھانا چاہیے کیونکہ کوئی بھی کیچ چھوڑنا نہیں چاہتا، وہ بہت بڑا اور ناک آؤٹ میچ تھا اس لیے اگر آپ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں کیچ چھوڑ دیں تو صرف اس صورتحال کو آپ ہی محسوس کرسکتے ہیں اس لیے میں نے سوچا کہ اگر میں کیچ چھوڑتا تو اس وقت اس کے کیا جذبات ہوتے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو جیت کے لیے 10 گیندوں پر 20 رنز درکار تھے جس پر میتھیو ویڈ نے شاہین آفریدی کو ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگاکر میچ میں فتح دلائی تھی۔









