پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے اب کوئی امید نہیں کہ یہ الیکشن کراوئیں گے، جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کر دوں گا۔
سینیٹر اعظم سواتی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اگر مجھے پکڑ بھی لیں تو لانگ مارچ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ مذاکرات کا کوئی نتیجہ نکلے گا، ہم صرف الیکشن چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز گل پر جنسی تشدد کیا گیا مجھے یقین نہیں آیا تو تصاویر دکھائی گئیں پھر یقین آیا۔ جرائم پیشہ لوگوں کو ہمارے اوپر مسلط کردیا گیا۔ شہباز گل جیسا تشدد ہی اعظم سواتی پر کیا گیا۔ پولیس سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اوپر سے حکم ہے۔ شہباز گل پر تشدد کا عدلیہ نوٹس لیتی تو اعظم سواتی پر تشدد نہ ہوتا۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت جب سے آئی ہے میری پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ان سے مل کر دھاندلی کا منصوبہ بنایا تھا لیکن اس کے باوجود ہم جیت گئے ہیں۔ انہوں نے وہ حلقے چنے تھے جہاں ہم کمزور تھے لیکن ہم پھر بھی جیت گئے۔









