اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 2020 کے دوران بطور وزیر اعظم بیرونی ممالک سے 17 تحائف ملے جن میں سے 12تحائف انہوں نے اپنے پاس رکھ لئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلہ کے مطابق عمران خان نے سال 2020کے دوران بیرون ممالک سے تحفہ میں ملنے والے 5 کم قیمت تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دئیے جبکہ رولیکس گھڑی ، انگوٹھیوں ، نیکلیس ،بریسلیٹ اور بالیوں سمیت 12 تحائف اپنے پاس رکھ لئے۔ الیکشن کمیشن فیصلہ کے مطابق بیرون ملک سے ملنے والے 15 ہزار روپے سے زیادہ مالیت کے تحفہ کو آدھی قیمت پر جبکہ اس سے کم مالیت کا تحفہ مفت لیا جا سکتا ہے۔ عمران خان نے بطور وزیر اعظم ایک وال ہینگنگ اور ایک ڈیکوریشن پیس ، جن کی مالیت 20 ، 20 ہزار روپے تھی مفت لے لئے۔ عمران خان نے بطور وزیر اعظم 49 لاکھ روپے مالیت کا ایک گفٹ باکس جس میں رولیکس گھڑی ، کف لنکس ، انگوٹھی ، بغیر سلائی پینٹ کوٹ تھا 24 لاکھ 35 ہزار میں خریدا۔ نیکلس ، بریسلیٹ ، انگوٹھی اور بالیوں کا ایک کروڑ 80 لاکھ 92 ہزار روپے مالیت کا باکس 90 لاکھ 31 ہزار روپے میں لے لیا۔ عمران خان نے تحفہ میں ملنے والا تین ہزار روپے مالیت کا ایک کارپٹ اور 15 ہزار روپے مالیت کا وال ہینگنگ بھی اپنے پاس رکھ لیا۔ جبکہ دوسری طرف انہوں نے تحفہ میں ملنے والا 40 ہزار روپے مالیت کا سلک کارپٹ ، 70ہزار روپے مالیت کا پتھر کا ڈیکوریشن پیس ، 50ہزار روپے مالیت کا خطاطی کا نمونہ ، دس ہزار روپے مالیت کا چوغا اور 1 لاکھ 75ہزار روپے مالیت کا ایک کارپٹ توشہ خانہ میں جمع کرایا۔ عمران خان نے2کڑور29لاکھ 92ہزرا مالیت کی اشیاءایک کڑور14لاکھ66ہزار میں خریدیں۔
عمران خان نے 2020 میں ملنے والے 17 میں سے 12 تحائف خود رکھ لیے








