اسلام آباد(ممتاز نیوز) وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے تناظر میں چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرل پولیس کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ملک کے آئین اور قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ہر ایسی سرگرمی کو روکیں جو ملک میں عدم استحکام کا باعث بنے ۔وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت 11اکتوبر کو وزارت داخلہ میں ایک اجلاس ہوا تھا جس میں ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا خاص طور پر ایک سیاسی جماعت کے احتجاج کے تناظر میں جائزہ لیا گیا تھا جیسا کہ پاکستان تحریک انصاف نے 28اکتوبر کو لاہور سے لانگ مارچ کا اعلان کرنے کا اعلان کیا ہے ،اس تناظر میں چاروں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریز اورانسپکٹر جنرل پولیس (آئی جیز) کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام حکومتیں ملک کے آئین اور قانون کے تحت کام کرنے کی پابند ہیں ، کسی سیاسی جماعت کو لانگ مارچ جیسے جبری اقدامات کے ذریعے ریاست کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ اس لئے یہ ضروری ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئینی شقوں کی پاسداری کرتے ہوئے بہم مل کر کام کریں ۔ یہ بھی کہا گیا کہ سرکاری ملازمین بھی ریاست کے ملازم کے طور پر کام کرنے کے پابند ہیں اور ان کی سرگرمیاں متعلقہ آئینی شقوں کے تابع ہونی چاہیئے تا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان خوشگوار تعلقات یقینی بنائے جا سکیں۔
وزارت داخلہ کا پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو خط








