وزیر آباد : اللہ والا چوک پر عمران خان پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ ملزم نے حملے کیلئے نائن ایم ایم پستول استعمال کیا ۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ پولیس ، سیکیورٹی اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹا کرنے میں مصروف ہیں جبکہ گرفتار ملزم نوید اور اس کے گھروالوں سے بھی پولیس تحقیقات جاری ہیں ۔تحقیقاتی ٹیموں کی جانب سے جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والے گولیوں کے خول اور ویڈیوز کا بھی جائزہ لیا جارہاہے ۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے حملے کیلئے نائن ایم ایم پستول استعمال کیا اور اس کے قبضہ سے پستول کے علاوہ دو میگزین اور 20 گولیاں برآمد کی گئی ہیں، جائے وقوعہ سے گولیوں کے 11 خول ملے ہیں جن میں سے 9 خول نائن ایم ایم پستول کے ہیں جبکہ دو خول دیگر اسلحے کے ہیں ۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق خول ملنے کی ڈائریکشن بتاتی ہے کہ 9 گولیاں نیچے سے اوپر اور 2 گولیاں کنٹینر سے نیچے کی جانب فائر کی گئی ہیں ،ملزم پستول کے ساتھ دو میگزین لے کر تیاری سے آیا تھا، بظاہر لگتا ہے کہ ملزم کے گھر والے حملے سے ناواقف تھے ، ملزم کے گھر والوں سے بھی تحقیقات جاری ہیں اور وہ حفاظتی تحویل میں ہیں ۔









