لاہور :سابق وزیراعظم عمران خان پر وزیر آباد میں حملے کی تحقیقات جاری ہیں اور اب دعویٰ سامنے آ رہاہے کہ حملے کی تفتیش محکمہ انسداد دہشتگردی کے سپرد کر دی گئی ہے ۔
نجی ٹی وی نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ موقع سے گرفتار ہونے والے ملزم نوید کو تفتیش کیلئے لاہور کے علاقے چوہنگ میں واقع سی ٹی ڈی کے سیل میں پہنچا دیا گیاہے جہاں اس سے سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں کی پوچھ گچھ جاری ہے ۔ملزم کے بیان کے بعد پولی گرافک ٹیسٹ بھی کروانے کا فیصلہ کیا گیاہے ، واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی یا مقامی تھانے میں درج کیا جائے گا ۔
یاد رہے کہ دوسری جانب اتبدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے حملے کیلئے نائن ایم ایم پستول استعمال کیا اور اس کے قبضہ سے پستول کے علاوہ دو میگزین اور 20 گولیاں برآمد کی گئی ہیں، جائے وقوعہ سے گولیوں کے 11 خول ملے ہیں جن میں سے 9 خول نائن ایم ایم پستول کے ہیں جبکہ دو خول دیگر اسلحے کے ہیں ۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق خول ملنے کی ڈائریکشن بتاتی ہے کہ 9 گولیاں نیچے سے اوپر اور 2 گولیاں کنٹینر سے نیچے کی جانب فائر کی گئی ہیں ،ملزم پستول کے ساتھ دو میگزین لے کر تیاری سے آیا تھا، بظاہر لگتا ہے کہ ملزم کے گھر والے حملے سے ناواقف تھے ، ملزم کے گھر والوں سے بھی تحقیقات جاری ہیں اور وہ حفاظتی تحویل میں ہیں ۔








