اسلام آباد(ممتاز نیوز )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے یورپین یونین کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں پاک یورپی یونین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،اسپیکرقومی اسمبلی نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے دیرینہ خوشگوار تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،پاکستان اور یورپی یونین کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں میں اضافہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ضروری ہے،یورپی یونین پاکستان کا تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں اہم شراکت دار ہے،موسمیاتی تبدیلیاں دنیا کے لیے بڑا خطرہ ہیں،موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور خطے کے ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے،ملک سماجی اور اقتصادی شعبوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے،انہوں نے کہاکہ منفی پروپیگنڈا دنیا میں پاکستان کے پرامن تشخص کو مسخ کر رہا ہے،پاکستان کی پارلیمنٹ نے بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کی ہے، حالیہ تباہ کن سیلاب سے پاکستان بڑے پیمانے جانی و مالی نقصان ہوا ہے،سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو مسائل کا سامنا ہے،پورپی یونین کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے فراہم کی جانے والی امداد قابل ستائش ہے،یورپیئن پارلیمنٹ کے ممبرکاکہناتھاکہ گوادر سے کشمیر تک پورے پاکستان کا تفصیلی دورہ کیا، پاکستان ایک خوبصورت اور پُرامن ملک ہے اس کے عوام انتہائی ملنسار ہیں،پاکستان دورے کے بعد پاکستان سے متعلقہ قائم تاثر بدل گیا ہے،اس دورے کے بعد یورپ میں جا کر پاکستان کے مثبت تشخص کو بہتر طور پر اجاگر کرنے کی کوشش کروں گی










