ا سلام آباد(ممتازنیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی افکار اور نظریات پر عمل پیرا ہو کر مسلم اُمہ کو درپیش مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔ سپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال مفکر پاکستان تھے انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلم اُمہ کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی دورس نگاہوں نے اس حقیقت کو بھانپ لیا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کر سکتےہیں لہذا انہوں نے قائداعظم کو مسلمانوں کی قیادت سنبھالنے پر آمادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کا یوم پیدائش ہمیں ان کے افکار و نظریات پر غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کا برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔سپیکر نے مزید کہا کہ علامہ اقبال اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے اور انہوں نے مسلمانوں کو اپنے وسائل اور زور بازو پر انحصار کرنے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی افکار اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر عصر حاضر کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ علامہ اقبال کا اسلامی معاشرے کا تصور کائناتی ہے اور جغرافیائی اور قومیت کی حدود و قیود سے بالا تر ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین پر زور دیا اور ان کے نزدیک تعصب اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نا تھی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ایک پرامن اور اعتدال پسند معاشرے کا قیام چاہتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور تحریروں کے ذریعے مسلمانوں کے اندر آزادی کی جو روح پھونکی وہ نہایت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ کے اتحاد کے لیے علامہ اقبال کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مسلم اُمہ کو درپیش مسائل کا حل علامہ محمد اقبال کی افکار میں مضمر ہے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی







