بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کا 11 ہزار ملازمین نکالنے کا اعلان

نیویارک: ٹوئٹر کے بعد فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے بھی ہزاروں ملازمین کو کمپنی سے فارغ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے 9 نومبر کو ایک خط میں بتایا کہ کمپنی کے 13فیصد عملے یا 11ہزار سے زیادہ ملازمین کو فارغ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ا فرادی قوت میں کمی سے میٹاورس اور اس سے منسلک دیگر ایپلی کیشنز بشمول فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کے ریسرچ لیب پر اثر پڑے گا۔

انہوں نے اپنے خط میں بتایا کہ یہ میٹا کی تاریخ کا سب سے مشکل فیصلہ ہے، میں نے اپنی ٹیم کا حجم 13فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہےʼ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم کمپنی کو زیادہ بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات بھی کررہے ہیں۔

ملازمین کو فارغ کیے جانے کی رپورٹ کے بعد میٹا کے حصص کی قدر میں 4فیصد کمی آئی۔

یہ میٹا کی 18سالہ تاریخ میں پہلی بار ہے جب اتنے زیادہ ملازمین کو کمپنی سے فارغ کیا جارہاہے۔

مارک زکربرگ نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک لمحہ ہے مگر اس کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں تھا، جو لوگ ہمیں چھوڑ کر جارہے ہیں ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جن ملازمین کو نکالا جارہا ہے انہیں 16ہفتوں کی تنخواہ دی جائے گی جبکہ 6ماہ تک ہیلتھ انشورنس کے اخراجات بھی کمپنی ادا کریگی۔

میٹا کی مارکیٹ ویلیو ایک سال پہلے ایک ہزار ارب ڈالرز سے زیادہ تھی جو اب گھٹ کر 270ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل ایلون مسک نے ٹوئٹر کی ملکیت حاصل کرنے کے بعد اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کے 50فیصد کے قریب ملازمین کو نکال دیا تھا۔