بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ورلڈ کپ کا تاج، فیصلہ آج، 92 کا ایکشن ری پلے، مشکل چیلنج

کراچی(نیوز ڈیسک)ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کا تاج کس کے سر سجے گا،اتوار کو میلبورن کرکٹ ٹورنامنٹ میں فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان گھمسان رن پڑے گا اور ٹی ٹوئینٹی کنگ کا فیصلہ ہوگا۔میچ دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔بابراعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم کو دنیا کی مضبوط ٹیم کے خلاف مشکل چیلنج درپیش ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 1992میں اسی گراونڈ میں ورلڈ کپ فائنل ہوا تھا جو پاکستان نے عمران خان کی قیادت میں جیتا تھا۔میلبورن میں بارش کی پیش گوئی ہے اور میچ میں بارش اور ٹاس کا کردار اہم ہوگا۔اگر اتوار کو فائنل نہ ہوسکا تو میچ کے لئے پیر کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ کا پریشر ہوتا ہے لیکن کوشش کریں گے کہ دباؤ نہ لیں۔ اس ورلڈ کپ کو 1992 کے ورلڈ کپ سے تشبیہہ دی جارہی ہے، ہم نروس نہیں ہیں۔انگلینڈ کے خلاف فائنل کے لیے جو پلان بنایا ہے اس پر عمل کرنا ہے۔ سارے کھلاڑی فائنل کھیلنے کیلئے پرجوش ہیں۔ انگلینڈ بہترین ٹیم ہے ہماری ان سے ہوم سیریز ہوچکی ہے۔ فائنل میں اپنا سو فیصد دیں گے۔جوز بٹلر کہتے ہیں کہ اس ٹورنامنٹ میں ہم نے موسم سے بہت سارا سبق سیکھا ہے۔انگلینڈ کو آئر لینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی۔بابر اعظم کہتے ہیں کہ ہمارا فوکس پورے فائنل میچ پر ہے۔محکمہ موسمیات نے سوفیصد بارش کی پیش گوئی کی ہے۔لیکن میلبور ن کے موسم میں کہا جاتا ہے کہ اس کے بارے میں یقین سے کوئی بات نہیں کی جاسکتی۔فائنل مقابلے کے لیے پیر کا دن بھی مختص کیا گیا ہے یعنی اگر اتوار کو تیز بارش کے باعث کھیل نہ ہو سکا تو پیر کے روز میچ کھیلا جائے گامگر پیر کے روز بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اس لیے منتظمین نے پیر کے روز بارش کی صورت میں کھیل کے قوانین میں رد و بدل کرتے ہوئے اس میں دو گھنٹے کے وقت کا اضافہ کر دیا ہے یعنی اگر پیر کی صبح بارش سے میچ تاخیر کا شکار ہوتا ہے تو اسے شام میں دو گھنٹے مزید جاری رکھا جائے گا تاکہ کھیل کے وقت کو زیادہ سے زیادہ کیا جا سکے۔اس ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط میں کہا گیا ہے کہ پیر کا دن مختص کیے جانے کے باوجود ’ہر ممکنہ کوشش‘ کی جائے گی کہ فائنل مقابلہ اتوار کو ہی مکمل ہو اور اس کے لیے کھیل کو مختصر بھی کیا جا سکتا ہے یعنی میچ کو دس دس اوورز کا بھی رکھا جا سکتا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ نئے قواعد کے مطابق اگر میچ اتوار کو مکمل نہ ہو سکا تو پیر کو وہیں سے شروع ہو گا جہاں اتوار کو روکا گیا تھا اور اس کو دوبارہ سے شروع نہیں کیا جائے گا۔ اور پیر کو کھیل انھی حالات میں کھیلا جائے گا جس طرح اتوار کو شروع ہوا تھا، یعنی اگر اتوار کو 10اوور فی سائیڈ میچ شروع ہوتا ہے تو پیر کے دن کے کھیل میں دس اوورز ہی ہوں گے۔اضافی دن میں دو گھنٹوں کا اضافہ کرنے کا مطلب ہے کہ میچ کو مکمل کرنے کے لیے سات گھنٹے اور دس منٹ کا کھیل ہو سکے گا۔ اگر ضرورت پڑی تو یہ میچ پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح نو بجے شروع ہو گا۔اگر ریزرو ڈے میں بھی بارش کی وجہ سے میچ ممکن نہیں ہو پاتا تو پھر فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا جائے گا۔آئی سی سی کے مقابلوں میں ایسا صرف ایک مرتبہ ہوا کہ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیمیں مشترکہ فاتح قرار پائی ہوں۔ میلبور ن میں ورلڈ کپ کے دوران مسلسل خراب موسم کی زد میں رہا ہے۔ گروپ مرحلے کے تین میچ بارش کی وجہ سے ایک بھی گیند کیے بغیر ختم کرنے پڑے تھے، جن میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کا میچ، افغانستان اور نیوزی لینڈ کا میچ اور افغانستان کا آئرلینڈ سے میچ شامل تھے۔فائنل میں پاکستانی بولنگ اور انگلش بیٹنگ کا اصل مقابلہ ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سات ہفتے قبل پاکستان میں سات ٹی ٹوئینٹی سیریز ہوئی تھی جس میں انگلینڈ نے چار تین سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان2009اور انگلینڈ2010میں ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔سیمی فائنل میں پاکستان نے سڈنی میں نیوزی لینڈ کو آسانی سے شکست دی تھی لیکن ایڈیلیڈ میں انگلینڈ نے بھارتی بولنگ کا بھرکس نکالتے ہوئے دس وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستانی فاسٹ بولروں شاہین شاہ آفریدی،حارث روف،محمد وسیم اور نسیم شاہ کو انگلش بیٹرز جوز بٹلر،ایلکس ہیلز،معین علی کا سامنا ہوگاانگلش بولنگ میں مارک ووڈ اور سیم کرن کے ساتھ لیگ اسپنر عادل رشید کسی بھی بیٹنگ کے لئے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔ سیمی فائنل میں پاکستان کی سات وکٹ کی جیت میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی نصف سنچریوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔شان مسعود، محمد حارث ،افتخار احمد ،شاداب خان اور محمد نواز پر مشتمل پاکستانی بیٹنگ انگلش بولنگ پر حملہ آور ہونے کے لئے تیار ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔فائنل کیلئے امپائر ماریس ایرسمس کے علاوہ کمار دھرما سینا آن فیلڈ امپائز کے فرائض سرانجام دیں گے ۔کرس گیفنی تھرڈ اور پال رائفل فورتھ امپائر ہونگے جبکہ میچ ریفری کے فرائض رنجن مدہوگالے کے ہوں گے۔