مظفرآباد(ویب ڈیسک) آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں درندہ صفت چچا نے اپنی 6 ماہ کی بھتیجی کو ذبح کردیا جبکہ پوتی کو بچاتے ہوئے دادی بھی زخمی ہوگئیں، پولیس نے کارروائی ہوئے ملزم عبدالجلیل کو گھر کے قریب واقع مسجد سے گرفتار کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق سفاکی کا یہ واقعہ بھمبر کے نواحی علاقے موڑہ سدھا میں پیش آیا جہاں جنونی نوجوان نے اپنی کمسن بھتیجی کو بے رحمی سے قتل کیا ، چوبیس سالہ عبدالجلیل نے اپنی حقیقی چھ ماہ کی بھتیجی”ز ف ” کو ذبح کرکے اس کے سینے پر بھی کئی وار کیے جبکہ اپنی ماں کو زخمی کر ڈالا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بھمبر میں زخمی خاتون کو فوری طبی امداد دی گئی جبکہ بچی کی نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔ روزنامہ پاکستان کے مطابق قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، بچی کی والدہ اور والد غم سے نڈھال ہیں۔









