بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی خواتین ملک کی تعمیر و ترقی اور قائم امن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، شاہدہ رحمانی

اسلام آباد(ممتا زنیوز) خواتین کے پارلیمانی کاکس کی سیکرٹری ممبر قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے خواتین کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے قومی کانفرنس میں شرکت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتی ہوں۔یہ کانفرنس معاشرے میں خواتین کے بامعنی کردار کو اجاگر کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔اس کانفرنس کا مقصد وفاقی اور صوبائی کاکسز میں ہم آہنگی قائم کرنا ہے۔پاکستانی خواتین ملک کی تعمیر و ترقی اور قائم امن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔پارلیمان کی ہاؤس بزنس میں خواتین کی بامعنی شرکت کو یقینی بنانے پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔وویمن پارلیمانی کاکس جماعتی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر پائیدار ترقی اور امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔پاکستانی خواتین کیلئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کی جدو جہد مشعل راہ ہے۔اس وقت ملک کے تمام پارلیمانوں کی ہاؤس بزنس میں خواتین ممبران سب سے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔پاکستان کی سیاست میں خواتین کی براہ راست انتخابات کیلئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔وویمن پارلیمانی کاکس خواتین کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔وویمن پارلیمانی کاکس نے سالانہ ترقیاتی فنڈز میں خواتین ممبران کا حصہ مختص کرنے کیلئے قرارداد پاس کی ہے۔ شاہد ہ رحمانی نے کہا کہ خواتین کی شرکت کے بغیر پائیدار ترقی اور امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔وویمن پارلیمانی کاکس وفاقی اور صوبائی کاکسز میں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے قومی کوآرڈینیشن کونسل کی تشکیل کر رہا ہے ۔امید ہے خواتین کے قومی کانفرنس کے انعقاد سے خواتین ممبران کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا ۔