بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کا پاکستانی سفارتخانہ ایتھنز کا تفصیلی دورہ

اسلام آباد(ممتازنیوز)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے یونان کے شہر ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے کا دورہ کیا اور سفارتی عملے اور وہاں مقیم پاکستانی صحافیوں سے خطاب کیا۔ پاکستان کے قائم مقام سفیر نے وفاقی وزیر ساجد طوری کو سفارتخانہ کی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے سفارتخانے کے عملے کی عوامی اور سفارتی خدمات کو سراہا اور سمندر پار پاکستانیوں کو بہترین اور دوستانہ سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر یونان میں پاکستانی صحافیوں کو بھی سفارتخانے میں مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے طویل عرصے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کے دورہ یونان کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے پاکستان یونان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملی گی۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے سفارتخانے میں پاکستان سٹیزن رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ سٹیزن رجسٹریشن سسٹم کے تحت یونان میں پاکستانی شہری سفارت خانے میں اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں جسکا مقصد پاکستانی شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وہ اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ممالک دورہ کا مقصد پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور یہاں کی حکومتوں کے ساتھ ان کے مسائل اٹھانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں سے ملکر دلی خوشی اور اطمینان محسوس کر رہا ہوں۔ ساجد حسین طوری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں اہم اور اولین کردار ادا کر رہے ہیں اور موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ مختلف ممالک خصوصاً ترقی یافتہ ممالک کو افرادی قوت کی برآمد میں اضافہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مختلف ممالک کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات قائم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور ان کی انتھک کوششوں سے پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ممالک پاکستانی صحافی پاکستان کا بہترین امیج بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور سمندر پار پاکستانیز میزبان ممالک کے قوانین کا احترام کریں۔