بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  عمران خان کے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے کا پول کھلتا جا رہا ہے،امیرمقام

سوات (ممتازنیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور اور قومی ورثہ و ثقافت، انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ قوم کے لیے یہ خوشخبری کا ہفتہ ہے کہ عمران خان کے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے کا پول کھلتا جا رہا ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے نے یو ٹرن لے کر اپنی ساکھ بچانے کے لیے استعفوں کا ڈرامہ رچایا۔
مینگورہ، سوات میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے امیرمقام نے کہا کہ عمران پہلے بھی جھوٹے سائفر اور بیرونی سازش کا ڈرامہ رچا چکے ہیں،بار بار قوم کو گمراہ کرنے کے بعد عمران نیازی کو یوٹرن کی یونیورسٹی کھول لینی چاہیے۔ مشیر نے کہا کہ اگر ادارے عمران نیازی کے بقول نیوٹرل نہیں تھے تو ضمنی الیکشن میں عمران کی پارٹی کو کامیابی کیوں کر ملی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن وقت پر ہی ہوں گے اور عمران کے کہنے پر کوئی استعفیٰ نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا حتیٰ کہ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا جو عمران کے ملک دشمن ایجنڈے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ عمران کو ایک دن قوم کو اپنے ہر جھوٹ کا ثبوت دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی بدنامی کے منصوبے سے عمران نیازی ملک کی کونسی خدمت کر رہا ہے۔ مشیر کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے برعکس کسی کو اپنی مرضی نہیں کرنے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ افواج کے سربراہان کی تقرریاں صرف میرٹ کی بنا پر ہی کی گئیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب حکومتوں سے لانگ مارچ پر اربوں روپے خرچ کرنے کا حساب لیا جائے گا، ایک طرف خیبر پختونخوا میں ملازمین کیلئے تنخواہیں نہیں ہیں اور دوسری جانب لانگ مارچ پر اربوں خرچ کئے جا رہے ہیں، ماضی کی طرح استعفوں کا نیا ڈرامہ رچایا گیا، پی ٹی آئی والے ایک دن پہلے بھی لوٹ مار نہیں چھوڑیں گے اگر واقعی استعفے دئیے تو قوم کی خوش قسمتی ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی کے غبارے سے مکمل ہوا نکل گئی ہے اب مخالفین تو کیا پی ٹی آئی والوں کو بھی ان کا اصل چہرہ اور اصلیت کا پتہ چل گئی ہے وہ استعفے لینے گئے تھے اور خود ہی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا اس سے قوم کو کیا ملا یہ بتا دیں، عمران پاکستان کا اصل دشمن ہے اپنی ذات کیلئے معیشت، ملکی اداروں کو تباہ کیا جس پر قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کورونا وائرس کی مانند ہے جس کا ویکسین نواز شریف ہے ایک ڈوز سے سمجھ آگئی مگر دوسری ڈوز لگوا کر فارغ ہو جائیں گے۔