وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر اسمبلیوں سے باہر آ رہے ہیں تو بسم اللہ کریں، ہم اس سے پہلے ہی پنجاب میں عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
شیخوپورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ خیبرپختوخوا میں بھی عدم اعتماد لانا مشکل نہیں، اگرعدم اعتماد نا لا سکے تو گورنر راج لگائیں گے، صوبوں کی حکومتیں نا گئیں تو گورنر راج لگانے جا رہے ہیں۔
جاوید لطیف نے کہا کہ میاں نواز شریف چند ہفتوں تک عوام کی قیادت کرتے نظر آئیں گے، کسی کو بھی تاحیات نااہل کرنا بڑا جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے روشنی کی کرن نظر آرہی ہے، نوازشریف کی نااہلی ختم ہوئی تو اسے ڈیل کہا جائے گا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ غیر ملکی ایجنڈا مسلط کرنے والوں پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آ گیا، ریاست کو نقصان پہنچانے کے بعد کہا گیا کہ کوئی عالمی سازش نہیں ہوئی۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی تو اس دن ہی ختم ہوگئی تھی جب انہوں نے کہا کہ سازش میں امریکا ملوث نہیں ہے۔









