بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  جنرل باجوہ نےجتنے کام کیے رہتی دنیا تک لوگ یاد رکھیں گے ،پرویزالٰہی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورلوگوں کے دلوں میں یادرہے گا۔اپنے ویڈیوپیغام میں چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ آپریشن ردالفساد میں سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے شاندار کردارکی دنیا معترف ہے،ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا کریڈٹ قمرجاوید باجوہ کو جاتا ہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ سوات، قبائلی علاقوں، وزیرستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قمر جاوید باجوہ نے بہت محنت کی اوردہشت گردوں کو ختم کیا،الحمداللہ آج خیبرپختونخواہ سمیت تمام علاقوں میں امن ہے اورلوگ پرسکون ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب زلزلہ آیا تواس وقت بھی سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج نے بہت کام کیا ،سیلاب میں بھی آرمی پنجاب کے متاثرہ علاقوں سمیت ہر جگہ بروقت پہنچی۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ سندھ میں سیلاب کے دوران پاک فوج کے علاوہ کسی نے کام نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوامیں بدترین سیلاب آیااورقمر جاوید باجوہ خود وہاں پہنچے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی سماجی و دینی خدمات بے شمار ہیں۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ سعودی عرب نے دنیا کی سب بڑی تبلیغی جماعت پر غلط فہمی کی بناپرپابندی لگا دی تو سابق آرمی چیف قمر جاویدباجوہ نے پابندی ہٹوانے میں لیڈنگ کردار ادا کیا،تبلغی جماعت کے اجتماعات میں قمر جاویدباجوہ کی درازی عمر اورپالیسیوں کے تسلسل کیلئے سب سے زیادہ دعائیں کی گئیں۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ قمر جاوید باجوہ کا کرداردین کیلئے بھی اچھاہے،ملک کیلئے بھی اچھاہے اورآئندہ آنے والی نسلوں کے بھی اچھا ہے۔ انہوں نےکہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ لوگ آتے جاتے ہیں لیکن ان کے کام ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قمر جاوید باجوہ نے ملک کی حفاظت،سلامتی اوربہتری کیلئے جتنے کام کیے وہ رہتی دنیا تک لوگ یاد رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ میں نئے آرمی چیف سید عاصم منیر کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ ہمیں بہتری کی امید ہے کہ جنرل سیدعاصم منیر کا بہت تجربہ ہے ا ورانہوں نے بہت کام کیا ہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ مجھے بھی موقع ملا تھا 8،10ماہ کام کرنے کا ان کے ساتھ،انشاء اللہ جنرل سید عاصم منیر بہترین سپہ سالار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری سب کی دعائیں نئے آرمی چیف کے ساتھ ہیں۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ ہندوستان یہ نہ سمجھے کہ ہم لاوارث ہوگئے ہیں،یہ کبھی نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے کہاکہ پاک فوج دنیا کا بہترین ادارہ ہے اورپورا ایک نظام موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا کی سب سے بہترین فوج پاکستان کی فوج ہے ،پاک فوج کی ہر جگہ پرنظرہوتی ہے،خصوصاًفارن پالیسی اوردیگر امور بھی ان کی نظر میں ہوتے ہیں۔چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی مددسے انشاء اللہ نئے آرمی چیف سید عاصم منیر پاکستان پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔