بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ن لیگ کی قیادت اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرےگی، مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افیئرز کے سیکرٹری جنرل چودھری نورالحسن کی (ن )سعودیہ کے صدر شیخ سعیداحمد کو یقین دہانی

لاہور(ممتازنیوز) مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افیئرز کے سیکرٹری جنرل اوررکن قومی اسمبلی چودھری نورالحسن تنویر نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے قائد نوازشریف ،وزیراعظم شہبازشریف سمیت (ن) لیگ کی پوری قیادت نے اوورسیزپاکستانیوں کو قیمتی قومی اثاثہ سمجھتے ہوئے ہمیشہ ان کے مسائل کے حل اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی کوشش کی ہے ۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے تمام مسائل خاص طور پر سفارتخانہ اورقونصل خانوں سے متعلق مسائل کو فوری حل کروانے ، پاکستانی سکولز کے معیار اوران میں سہولیات کی بہتری سمیت دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروایا جائے گا ۔ وہ (ن) لیگ سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے ۔ شیخ سعید نے انہیں بتایا کہ جدہ اور ریاض میں پاکستانی سکولز کی اپنی عمارتیں نہ ہونے کی وجہ سے ان میں سہولیات نہیں ہیں جو ہمارے تعلیم اداروں میں ہونی چاہیئں خاص طور پر ایک ہی گھر کے بچوں کے علیحدہ علیحدہ شفٹ میں داخلے نے والدین کو سخت اذیت میں مبتلا کیا ہوا ہے ،سکولز کےلئے اپنی عمارتیں نہ ہونے سےکلاس روزمز کی کمی کے باعث زیادہ بچوں کے داخلوں میں والدین کو مشکلات ہوتی ہیں ۔چودھری نورالحسن نے کہا کہ یہ مسئلہ وہ جلد وزیراعظم اور متعلقہ وزارت کے علم میں لائیں گے۔شیخ سعید نے انہیں بتایا کہ بہت سے پاکستانی مزدور اور دیگر پروفیشنلز اپنے کفیلوں کو چھوڑ کر فرار ہوجاتے ہیں اور انہیں قانونی مسائل کا سامنا ہوتا ہے ، ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل خانوںکا عملہ ایسےپاکستانیوں کو اس طرح سے مدد فراہم نہیں کرتا جس طرح دیگر ممالک اپنے شہریوں کو فراہم کرتے ہیں ، اس معاملہ پر بھی فوری توجہ دی جائے جبکہ سعودی عرب میں وفات پاجانے والے پاکستانیوں کی میتوں کی واپسی میں بھی بہت زیادہ وقت لگتا ہے جو نہ صرف سعودی عرب میں بلکہ پاکستان میں بھی فوت ہونے والوں کے عزیز واقارب کو مسلسل اذیت میں مبتلا رکھتا ہے ۔ شیخ سعید احمد نے سعودی عرب میں پاکستانی لیبر اورر دیگر پروفیشنلز کی مزید کھپت کے حوالے سے اپنی تجاویز سے چودھری نورالحسن کو آگاہ کیا ۔چودھری نور الحسن نے کہا کہ وہ تمام مسائل اور تجاویز کو اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے تاکہ جلد ازجلد ان مسائل کا حل نکالا جائے۔شیخ سعید نے چودھری نورالحسن تنویر کو سعودی عرب کے تنظیمی دورہ کی بھی دعوت جو انہوں نے قبول کر لی ۔