اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نوازنے وزیراعظم عمران خان پر تنقیدکے نشتربرساتے ہوئے کہاہے کہ اقتدارکی کشتی ڈھولتے دیکھ کر وسیم اکرم پلس کودھکا دے دیا، جب بندریا کے پاؤں جلتے ہیں تو اپنے بچوں پر پاؤں رکھ دیئے، عمران خان کے پاؤں جلنے لگے تو پاؤں عثمان بزدار پر رکھ دیئے۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ جن کے دماغوں پررعونیت بھرجائے ان کا حشرعمران جیسا ہوتا ہے، یہ قوم کا اعتماد کھوچکا ہے، جو شخص 16 میں سے 15 ضمنی الیکشن ہارجائے وہ اعتماد کھو چکا، یہ پارلیمنٹ کا بھی اعتماد کھو چکا، یہ آج اپنی پارٹی کا بھی اعتماد کھوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران سرکاری وسائل کے باوجود پریڈ گراؤنڈ میں 10 ہزارکا مجمع اکٹھا نہیں کر سکا، عمران خان نے کل جلسے میں سرکاری وسائل استعمال کیے، آج مولانا کی قیادت میں ہم تمہیں الوداع کہنے آئے ہیں۔ جن کی صبح، شام گالیوں سے ہوتی ہو ان کا حشر عمران جیسا ہوتا ہے، یہ حشرکی آج ابتدا ہوئی ہے، آگے آگے دیکھیئے ہوتا ہے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ کیا اس شخص کو آج پارلیمنٹ، وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھنے کا حق ہے، کیا ایسے شخص کو ملک کی تقدیرکے فیصلے کرنے کا حق ہے، تم 10لاکھ کا مجمع چھوڑو، 172 ارکان پورے کر کے دکھا دو، میں مولانا فصل الرحمان، شہباز شریف کی منتیں کر لونگی، اس کے اپنے لوگ بھاگ گئے، 172پورے نہیں ہو رہے۔ن لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ اقتدارکی کشتی ڈھولتے دیکھ کروسیم اکرم پلس کودھکا دے دیا۔ جب بندریا کے پاؤں جلتے ہیں تواپنے بچوں پر پاؤں رکھ دیئے، عمران خان کے پاؤں جلنے لگے تو پاؤں عثمان بزدار پر رکھ دیا، لیڈربن کرخود پانی میں چھلانگ لگاتے، وسیم اکرم پلس کوپانی کے اندردھکا دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کہنا چاہتی ہوں اپنی زندگی میں کسی کے تو بن جاؤ، عمران خان سے بڑا احسان فراموش نہیں دیکھا، جہانگیرترین، عبدالعلیم کا جہاز استعمال کیا وقت آیا تواس کا بھی نا بنا، جوشخص اپنے محسنوں کا نہیں، کیا وہ قوم کا ہوسکتا ہے؟ اس کی تقریرتواب ویسے کوئی نہیں سنتا۔








