اسلام آباد(ممتازنیوز)فوک فیسٹیول آف پاکستان لوک ورثہ میں جاری لوک میلہ میں کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے سجایا جانے والا خیبرپختونخوا کی ثقافت پر مبنی پویلین ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور فیمیلز کی توجہ کا مرکز بن گیا شرکاء کی جانب سے خیبرپختونخوا کے پویلین میں بہترین ثقافت کی پذیرائی جاری ہے۔
سیاح صوبائی ثقافتی اشیاء کی خریداری کیساتھ ساتھ ثقافتی لباس پہن کر تصاویر بھی بتاتے رہے لوک میلہ میں دیگر صوبوں کی طرح خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی نے بھی صوبائی ثقافتی اشیاء پر مبنی 30 سے زائدسٹالز لگائے ہیں تاہم اس کیساتھ ساتھ لوک میلہ آنے والے شہریوں اور غیرملکی سیاحوں کیلئے صوبے کی سیاحت سے متعلق معلوماتی ڈیسک اور سکرین بھی نصب کی گئی ہے جس میں صوبے کے سیاحتی مقامات کی معلومات اور محکمہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات، خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع اور دیگر پربنائی گئی ڈاکومنٹریزکے ذریعے آگاہی فراہم کی جارہی ہے صوبائی پویلین میں شرکاء کیلئے روایتی حجرہ، قہوہ خانہ، کھانے پینے کے سٹالز سمیت وزیرستانی اورگتکا رقص پرفارمنس اور روایتی رباب موسیقی کا تڑکا بھی سیاحوں کو محظوظ کرنے کیلئے پویلین کا حصہ ہے۔ دس روزہ لوک میلہ میں خیبرپختونخوا کی محفل موسیقی کا انعقاد3 دسمبر کو ہوگاجس میں زرسانگہ،شاہد ملنگ، راج ولی، معیز مہمند، یمسانور،مہتاب زیاب اور شان محسود سمیت دیگر صوبائی گلوکار پرفارم کرینگے لوک ورثہ کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ لوک میلہ میں خیبرپختونخوا سمیت پنجاب، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے پویلین سجائے گئے ہیں ثقافتی سٹالز میں کپڑوں پر موم سے بنی اشیاء یعنی(ویکس پینٹنگ)، مٹی کے برتن بنانے،پکول ٹوپی، گراس سٹیچ،سٹون کارونگ، چارسدہ خاڈی ورک، چارسدہ چپل، ہزارہ جستی اور کنڈی کاکام، ہزارہ پھلکاری، لیک آرٹ ڈیرہ اسماعیل خان، لکڑی آرٹ، سواتی شال، ٹرک آرٹ، ہزارہ روایتی بیگ اور دستکاری کام، گندھارا لکڑی آرٹ، موسیک آرٹ، کیلی گرافی، مغل آرٹ، کٹپتلی آرٹ، ثقافتی لباس سٹال، یونیک جیولری، قریشی ورک، تنکے کا کام، پتھروں کی بنی اشیاء،کراکل ٹوپی،کھڈی کاکام، گلاس کاروینگ، مختلف ہینڈی کرافٹ، ڈرائی فروٹ اور دیگرثقافتی سٹالز شامل ہیں۔










