اسلام آباد(نیوز ڈیسک )اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے عملے کی غیر قانونی اقدام میں ملوث ہونے کے بارے میں حقائق جاننے کے لیے انکوائری شروع کردی ہے۔
نجی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق معاملے میں ملوث تینوں متعلقہ اہلکاروں کو سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معطل کر دیا گیا، ویڈیو میں انہیں بیرون ملک جانے والے مسافر سے رشوت لیتے ہوئے دکھایا گیا۔
اسلام آباد ائیر پورٹ پر منشیات روکنے پر مامور اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکاروں اور افسروں کی رشوت لینے کی تہلکہ خیز خفیہ ریکارڈنگ۔
سوچئے ہر مشکل میں ملک کا ساتھ دینے والے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ یہ کیا سلوک کرتے ہوں گے۔
اس ویڈیو کو ہر صاحبِ اختیار تک پہنچانے کے لئے شئیر کریں۔ pic.twitter.com/lkSH4PSQBR— Iqrar ul Hassan Syed (@iqrarulhassan) December 1, 2022
ویڈیو میں ایک اہلکار کو اپنے ساتھیوں کے سامنے مسافر سے غیر ملکی کرنسی لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اہلکار کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ سامان بہت زیادہ ہے، ایک شاپر لو اور دوسرا چھوڑ دو۔
ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ اہلکار کہتا ہے کہ اگر وہ دوسرا شاپر لینا چاہتا ہے تو کوئی خدمت کرے، اہلکار کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ بیگ میں یورو، پاؤنڈ یا کوئی اور چیز نہیں ہے۔
مسافر اے این ایف اہلکار کو 2 غیر ملکی کرنسی نوٹ دیتا ہے جنہیں وہ اہلکار اپنے پاس رکھ لیتا ہے، مسافر اہلکار سے کہتا ہے کہ اسے کھانا لینا ہے جس پر اہلکار اسے کچھ رقم رکھنے دیتا ہے۔
اے این ایف نے جاری پریس ریلیز میں کہا کہ اے این ایف اہلکاروں کی غیر قانونی اقدام میں ملوث ہونے کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی انتہائی اعلیٰ سطح کی انکوائری کے ذریعے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ حقائق کا پتا لگایا جا سکے، بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انکوائری کو حتمی شکل دینے تک متعلقہ حکام کو معطل کر دیا گیا ہے۔









