بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے نجی شعبے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے،احسن ظفر بختاوری

  اسلام آباد ( ممتازنیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت معاشی بدحالی کا سامنا ہے کیونکہ ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو رہے ہیں ، برآمدات کے بہتر فروغ کیلئے حکومت نجی شعبے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے جس سے معیشت بحال ہو گی، رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریبا 3.5فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو کہ ملک کے لیے نیک شگون نہیں ہے،اگر برآمدات میں کمی کا یہی رجحان جاری رہا تو رواں مالی سال کا برآمدات کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا۔
وہ جمعہ کو ایک عشایئے سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام پاک چائنہ بزنس فورم کے چیئرمین شیخ محمد ناصر علی نے آئی ایٹ مرکز کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تعاون سے آئی سی سی آئی کے عہدیداران کے اعزاز میں کیا۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چین کی سالانہ درآمدات 2 کھرب ڈالر سے زائد ہیں تاہم پاکستان کی چین کے ساتھ 3 ارب ڈالر سے بھی کم ہیں جو کہ چین کی مارکیٹ کی اصل صلاحیت کے مقابلے میں معمولی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چین کے ساتھ برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے ایکسپورٹرز کے ساتھ مکمل تعاون کرے جس سے معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کے لیے پاک چائنہ بزنس فورم کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہے گا جس سے دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند نتائج پیدا ہوں گے۔
پاک چائنہ بزنس فورم کے چیئرمین شیخ محمد ناصر علی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فورم چین اور پاکستان کی کاروباری برادری کے درمیان تجارتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، مشترکہ کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا فورم چین کی مزید کمپنیوں کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے پاکستان لانے کی کوشش کرے گا۔
سابق سنیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقیوم خان نے اپنے خطاب میں کے کہا کہ حکومت چیمبر آف کامرس اور ملک کی کاروباری برادری کو حکومتی پالیسیوں میں شریک کرے اور ان کی مشاورت سے کاروبار اور معیشت سے متعلق پالیسیاں تشکیل دے جس سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے میں نجی شعبے کو نمائندگی دینے کیلئے چیمبر کے صدر کو سی ڈی اے بورڈ کا ممبر بنایا جائے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، شیخ اعجاز شریک چیئرمین پاک چائنہ بزنس فورم، گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، خالد جاوید، ظفر بختاوری، سردار یاسر الیاس خان، محمد شکیل منیر، اجمل بلوچ، آئی ایٹ مرکز کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر فیاض گل، سیکرٹری جنرل زاہد قریشی، جناح سپر مارکیٹ کی ایسوی ایشن کے صدر اسد عزیز، سیکرٹری جنرل عبدا لرحمٰن صدیقی، چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران اور تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے عشایئے میں شرکت کی۔