پاکستان تحریک انصاف کے راہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اسمبلی توڑنے کے تمام تر اختیارات عمران خان کو دیے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے بتایا کہ ملک میں آئین کے مطابق کچھ نہیں ہو رہا، پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ملک انتخابات کی طرف جائے اور وفاق پالیسی واضح کرے، وفاق انتخابات کے لیے تیار نہیں ہوگا تو اسمبلیاں تحلیل ہوں گی۔
فواد چودھری نے کہا کہ حکومت الیکشن کا اعلان کرے پھر تاریخ بیٹھ کر طے کریں گے، عمران خان نے حکومت کو مذاکرات کے لیے دعوت دی ہے، اصل مذاکرات کی بات تو وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت معاشی عدم استحکام اور گورننس کا بحران ہے، ملک اس صورتِ حال سے نکل کر سیاسی استحکام کی طرف جانا چاہتا ہے، حکومت الیکشن نہیں کروانا چاہتی تو کوئی اور حل بتا دے۔









