راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کیخلاف انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے جب کہ مہمان ٹیم کو 78 رنز کی سبقت حاصل ہے۔
انگلینڈ ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 13 اوورز میں 92 رنز بناچکی ہے ، دوسری اننگز میں انگلینڈ کھلاڑی بین ڈکٹ نسیم شاہ کی گیند پر سلمان آغا کو کیچ دے بیٹھے اور پہلے اوور کی دوسری گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
انگلش کھلاڑی اولی پوپ کو بھی محمد علی نے صرف 13 رنز کے ساتھ پویلین واپس بھیج دیا، جس کے بعد 14 ویں اوور کے دوران محمد علی نے ہی انگلش کھلاڑی زیک کرولی کو ففٹی ہوتے ہی پویلین کی راہ دکھادی۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔
چوتھے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز قومی کھلاڑی آغا سلمان اور زاہد محمود نے 499 نامکمل رنز سے کیا۔
چوتھے روز کے میچ میں آغا سلمان 63 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ ول جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ زاہد محمود 17 رنز بنا کر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے اس کے بعد حارث رؤف بھی 12 رنز بنا کر ول جیکس کا شکار ہوگئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں جیک لیچ کے حصے میں آئیں، انگلینڈ کو پاکستان پر پہلی اننگز میں 78 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔
انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے، انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 153، اولی پوپ نے 108، بین ڈکٹ نے 107 اور ریک کرالی نے 122 رنز کی اننگز کھیلی تھیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا









