اسلام آباد:پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے جلد مزید معاشی تعاون کی توقع ہے، تاہم سعودی عرب سمجھتا ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں عرب نیوز ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائے گئے تین ارب ڈالر کی ڈیپازٹ میں مزید تین ماہ کی توسیع کی ہے، تاہم پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے جلد مزید تعاون کی بھی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم (سعودی عرب) سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی بہت ضرورت ہے۔ ہم معاشی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا تھا جسے ری شیڈول کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ اگلے چند ماہ میں یہ دورہ ہوگا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان آئیں گے۔‘
سعودی سفیر نے کہا کہ ’سعودی ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔‘ اس سے قبل بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے سالانہ گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے یونیورسٹی کے لیے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 40 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو فائدہ ہوگا بلکہ مجموعی طور پر پاکستان میں تعلیم کے شعبہ میں بہتری آئے گی۔ پاکستانی طلبا کو فائدہ پہنچے گا۔
تقریب سے خطاب کے دوران یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے بتایا کہ سعودی عرب کے تعاون سے اسلامی ترقیاتی بینک نے یونیورٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ آئی ٹی اور بزنس ایکسیلینس پارک بنانے کے لیے 15 ملین ڈالر دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ پندرہ سال کے لیے سافٹ لون ہوگا جس سے کئی کنال پر مشتمل آئی ٹی اور بزنس ایکسیلینس پارک تعمیر کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس پارک میں جدید علوم کی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبا اور اداروں کے درمیان روابط کے مراکز سمیت طلبا کو خود کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کرنے لیے کونسلنگ سینیٹرز قائم کیے جائیں گے۔ اس پارک کے لیے علیحدہ سے رہائشنی یونٹ بھی تعمیر کیا جائے گا۔
سیاسی استحکام پاکستان کی ضرورت ہے: سعودی سفیرنواف سعید المالکی








