بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت میں سونے کے سکے نکالنے والی پہلی اے ٹی ایم متعارف

بھارت میں پہلی بار سونے کے سکّے دینے والی اے ٹی ایم متعارف کروادی گئی ہے جس سے ڈیبٹ کارڈ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے سونے کے سکے نکالے جاسکتے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق کے مطابق بھارت کے شہر حیدر آباد میں نصب یہ منفرد اے ٹی ایم باہر سے بالکل عام اے ٹی ایم کی طرح لگتی ہے لیکن درحقیقت یہ بھارت کا پہلا ’گولڈ اے ٹی ایم‘ ہے۔

یہ غیرمعمولی اے ٹی ایم ایک ایسے ملک میں ایک بٹن کے کلک پر سونے کے سکے فراہم کرتا ہے جہاں سونے کو اکثر محفوظ سرمایہ کاری کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

یہ مشین’گولڈ سکہ’ نامی کمپنی کی جانب سے متعارف کروائی گئی ہے، اس مشین میں 5 کلوگرام تک سونے کے سکے رکھے جا سکتے ہیں اور 0.5 گرام سے 100 گرام تک کے سکے نکالے جا سکتے ہیں۔

صارف کو مشین سے مطلوبہ وزن کے سکّے کا انتخاب کرکے اس کی قیمت کے مساوی رقم مشین میں ڈالنی ہو گی۔

خیال رہے کہ ایک 100 گرام کے سکے کی قیمت تقریباً 7 ہزار ڈالر ہے، اس لحاظ سے دیکھا جائے تو اس مشین کے صارفین کو اپنے اے ٹی ایم کارڈ کا پن کوڈ مخفی رکھنے کے لیے اب مزید محتاظ رویہ اختیار کرنا پڑے گا۔

نائب صدر گولڈ سکہ پرتاپ نے کہا کہ جیولری شو رومز میں جانے کے بجائے صارفین براہ راست یہاں آ سکتے ہیں اور سکے حاصل کر سکتے ہیں۔

سونے کے صارفین کی تعداد کے لحاظ سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے جہاں سونے کی کُل طلب کے دو تہائی حصے کے تعلق دیہی علاقوں سے ہوتا ہے۔

اس مشین کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں، کئی صارفین سونے کے سکے خریدنے کے لیے قطار میں کھڑے نظر آئے جنہوں نے اپنے کریڈٹ کارڈ مشین میں ڈالے اور وزن کا انتخاب کرکے سکے حاصل کیے۔

ایک صارف نے کہا کہ ’مشین کے ذریعے لین دین کے اس عمل میں ایک منٹ سے بھی کم وقت لگا، میرا خیال ہے کہ سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے یہ سونا حاصل کرنے کا بہترین طریقہ ہے‘۔