بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تیل کی خریداری، روسی وزیرتواناتی جنوری کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہاہے کہ روس سے تیل کی خریداری کے حوالے سےکچھ تفصیلات سےغالباً بلاول بھٹولاعلم ہیں، روس کے وزیرتوانائی جنوری کے دوسرے ہفتے پاکستان آرہے ہیں، روسی تیل میں جتنی رعایت دیگرممالک کو مل رہی ہے اتنی یااس سے زیادہ ہمیں ملے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاکہ عمران خان نے روس سے تیل کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں کی تھی،اگر کوئی گفتگو کی بھی ہے تو اس کا کوئی ثبوت موجود نہیں،ان کی جو گفتگوہوئی اس روس کو بھی علم نہیں تھاہم نے عمران خان کی بات سن کر روس کو خط لکھاکہ تیل کی بات آگے بڑھائیں۔انہوں نے کہاکہ ہوسکتا ہے کہ بلاول کے پاس تیل کے حوالے سے تکنیکی تفصیلات نہ ہوں، روس کے وزیرتوانائی جنوری کے دوسرے ہفتے پاکستان آرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ روس میں دواقسام کے خام تیل ہیں جو ہم استعمال کرسکتے ہیں، ہماری پانچ میں سے چار ریفائنریزروسی خام تیل استعمال کرسکتی ہیں،پارکو روس کے تیل کو تیس فیصد استعمال کرسکتی ہے ۔ مصد ق ملک نے کہاکہ روسی تیل میں جتنی رعایت دیگرممالک کو مل رہی ہے اتنی یااس سے زیادہ ہمیں ملے گی،جس وقت تیل خریدیں گے اس وقت قیمت اوررعایت کا تعین ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ہرسال گیس کے ذخائر کم ہورہے ہیں،گیس کی قلت کی وجہ سے لوگوں کو تکلیف ہے،کوشش ہوتی ہے کہ کھانے کے وقت گیس کے پریشرمیں کمی نہ ہو،گزشتہ ڈھائی ماہ سے 2021کے مقابلے میں زیادہ گیس فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جنوری اور فروری کے لئے اضافی ایل این جی کارگوز ہیں،20ہزار ٹن اضافی ایل این جی منگوارہے ہیں۔