اسلام آباد(ممتازنیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن نے بنو قابل سیکٹریٹ کادورہ کیا اس دوران انہوں نے مفت آئی ٹی کورسز پروگرام میں سینکڑوں کامیاب طلبہ کے انٹرویوز کے تمام مراحل کا جائزہ لیا اور طلبہ سے ملاقات کی۔غربت اوربے روزگاری ملک سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ روز بروز بڑھتی مہنگائی کے باعث بڑھے لکھے ذہین نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کے لئے ممکن نہیں رہا کہ وہ اپنے بچوں کو مہنگے پروفیشنل کورسز کرواسکیں۔ الخدمت بنو قابل پروگرام ایسے ہزاروں نوجوانوں کے لئے امید کی کرن ہے۔ ’’بنو قابل‘‘ پروجیکٹ کے تحت مختلف کورسز کرنے والے نوجوان اپنا روزگار خود پیدا کرنے کے قابل بن جائیں گے۔ نوجوان آئی ٹی کورسز اور فری لانسنگ سیکھ کر نہ صرف باعزت روزگار کما سکیں گے بلکہ اپنے اہل خانہ کی خوشحالی اس شہراور ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکیں گے ۔ اس پروگرام کا دائرہ کارکراچی کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں بھی پھیلایا جائے گا تا کہ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید کورسز بالکل مفت فراہم کئے جاسکیں۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے مرکزی صدر کو بنو قابل پروگرام کےحوالے سے بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ بنو قابل پروگرام کے تحت ٹیسٹ اور انٹرویوز میں کامیاب طلبہ کو ایمزون ،ویب ڈیولپمنٹ ، فری لانسک ویب ڈیزائننگ سمیت مختلف کورسزکرائے جائیں گے۔ یہ کورسز میٹرک ، انٹر پاس بے روز گار نوجوانوں کو کروائے جائیں گے جو تین سے چھ ماہ دورانیے کے ہوں گے،کورسز کے ساتھ الخدمت ان کورسزکرنے والے نوجوانوں کے لیے انڈسٹری میں ملازمتوں کے مواقع بھی تلاش کرے گی۔پروجیکٹ کیلئے ا لخدمت نے5کروڑ روپےمختص کیے ہیں جس میں3 کروڑ روپے کی اسکالر شپ اور 2 کروڑ روپے دیگر ضروری اخراجات کے لیے رکھے گئے ہیں۔ڈائریکٹر چیریٹی آسٹریلیا انٹرنیشنل رانا وجاہت علی خان اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران بھی موقع پر موجود تھے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے بنو قابل پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانے کا فیصلہ








