اسلام آباد (ممتا زنیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ایک وفد کے ہمراہ پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور گذشتہ جمعہ کو آئی ٹین فور اسلام آباد میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے اے ایس آئی حسن رضا اور کانسٹیبل محمد حنیف کی عیادت کی۔ چیمبر کے نائب صدر محمد اظہر الاسلام، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سابق نائب صدر سیف الرحمان خان، دلدار عباسی، ظریف خان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ ایڈیشنل ایس پی (آپریشنز) اقبال خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔احسن ظفر بختاوری نے زخمی پولیس اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر شہر ایک بڑی تباہی سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور شہری ایسے بہادر پولیس اہلکاروں پر فخر محسوس کرتے ہیں جو دوسروں کی حفاظت کے لیے اپنے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پولیس اہلکاروں کے کردار سے تاجر برادری اور شہریوں میں اعتمادپیدا ہوتا ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے حفاظتی اقدامات کو بہتر کرنے کے لیے شہر میں 25 عارضی چیک پوسٹیں قائم کرنے کا ایک خصوصی منصوبہ جاری کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں سیف سٹی کیمروں کی کوریج کو مزید بڑھایا جائے تاکہ وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک پرامن ماحول کی ضرورت ہے جس کے لیے سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانا اشد ضروری ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری شہر میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششوں میں پولیس فورس کے ساتھ ہمیشہ تعاون کرے گی۔چیمبر کے نائب صدر نجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے بھی زخمی پولیس اہلکاروں کی بہادری اور حوصلے کو سراہا اور کہا کہ ایسے پولیس اہلکاروں پر قوم ہمیشہ فخر کرتی ہے جان کا خطرہ مول کر دوسروں کی حفاظت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے کی کوششوں میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں گے۔ ایڈیشنل ایس پی (آپریشنز) اقبال خان نے زخمی پولیس اہلکاروں کی خیریت دریافت کرنے کے لیے پمز ہسپتال کا دورہ کرنے پر آئی سی سی آئی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے دورے سے پولیس والوں کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کیلئے آئی سی سی آئی کے وفد کا پمز ہسپتال کا دورہ








