بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

طلبہ سوشل میڈیا سے نکل کر حصول علم پر دھیان دیں،وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور

راولپنڈی :وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ مدارس سے فارغ التحصیل طلبہ ہمارا اثاثہ ہیں وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کیلئے تمام شعبہ ہائے زندگی میں فروغ دین اسلام کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں،اسلام میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے اس لئے حکومت نے انہیں اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کو یقینی بنایا ہے۔وزارت مذہبی امور صاف شفاف انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے،کرپٹ عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔طلبہ کو اپنی زندگیاں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالنا ہوں گی،اسی میں دنیا و آخرت میں کامیابی کا راز مضمر ہے،علمائے کرام کا فروغ دین اسلام اور بچوں کی دینی تعلیمات کے مطابق تعلیم و تربیت میں مثالی کردار ہے،طلبہ سوشل میڈیا سے نکل کر حصول علم پر دھیان دیں،کیونکہ عملی زندگی میں کامیابی جدید علوم و ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں۔ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے دارالعلوم تعلیم القرآن راجہ بازار میں ششماہی امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کرنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت صدر خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں چیئرمین قمرجہاں فاؤنڈیشن ڈاکٹر جمال ناصر مہمان خصوصی تھے۔تقریب کا آغاز قاری ابوبکر نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ محمد مبین نے ہدیہ نعتؐ پیش کیا۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سید صبغت اللہ شاہ نے سرانجام دئیے۔تقریب سے مہتمم جامع ہذا مولانا اشرف علی، مولانا گوہر رحمان دیگرعلمائے کرام سمیت طلبہ نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔اس موقع پر 75پوزیشن ہولڈر طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ دینی مدارس نے ہمیشہ ہی جہالت و ناخواندگی کا قلع قمع کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے اورعلمائے کرام نے مسلمانوں کی تعلیمی حالت کو سنوارا ہے۔دارالعلوم تعلیم القرآن نے بھی فروغ دین اسلام میں تاریخی کردار لائق ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی اخلاق اور انسانی قدروں کی آبیاری دینی مدرس کا طرہ امتیاز ہے۔ہمیں چاہئے کہ ہم وطن عزیز میں یک جہتی ورواداری اور صلح و آشتی کے ساتھ پُر امن بقائے باہمی کے اسلامی اصول پر سختی سے عمل کریں۔اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہی ہماری فلاح و بخشش کا انحصار ہے۔مولانا اشرف علی نے کہا کہ ہم دینی زندگی کے تمام شعبوں میں امت کی راہ نمائی کے لیے افراد تیارکرتے ہیں۔ان اداروں میں امت کے نونہالان غذائے روحانی کے ذریعہ نشوونما پاتے ہیں،تمام مدرسوں اور دینی اداروں نے اپنے مقاصد کی روشنی میں تعلیم و تربیت کو فروغ دیا ہے۔مفتی عبدالشکور نے کہا کہ کرپشن نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے،لیکن میں نے عہد کر رکھا ہے کہ کسی کا حق غصب نہیں ہونے دوں گا،کیونکہ یہ ناقابل معافی جرم ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ اپنے دور وزارت کو ایک مثالی ادارہ بناؤں گا۔حقوق العباد کی باز پرس ہوگی،اس لئے بحیثیت قوم ہمیں عوام کی خدمت پر دھیان دینا ہوگا