بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد نے چھٹی نیشنل سوکر فٹ سال چیمپئن شپ کا افتتاحی میچ جیت لیا

 

اسلام آباد نے خیبرپختونخوا کو شکست دے کر چھٹی نیشنل سوکر فٹ سال چیمپئن شپ کا افتتاحی میچ جیت لیا۔ جبکہ دوسرے میچ میں پنجاب گرین نے کامیابی حاصل کی۔ٹورنامنٹ کا افتتاح پاکستان سوکر فٹ سال فیڈریشن کے چیئرمین ملک مہربان علی نے حاجی محمد فاروق، نمائندہ اے بی ایف ایسوسی ایٹس کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر سرگودھا طارق نذیر، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ساہی وال فیصل عامر خان، اسلام آباد سوکرفٹ سال ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد، پنجاب سوکر فٹ سال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری چوہدری منیر احمد، خیبرپختونخوا سوکر فٹ سال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری معین الدین، ماشا یونائیٹڈ فٹ سال ٹیم کے صدر رانا محمد اشرف خان، آرگنائزنگ سیکرٹری جبار حسین کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔سرگودھا سپورٹس کمپلیکس میں چیمپئن شپ کا افتتاحی میچ اسلام آباد اور خیبرپختو نخوا کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا جس میں اسلام آباد نے خیبرپختونخوا کو 2-3 گول سے ہرا دیا۔ اسلام آباد ٹیم کی جانب سے معیذملک نے دو اور مائیکل خان نے ایک گول کیا اور خیبرپختونخوا کی ٹیم کی طرف سے دونوں گول مہران خان نے کئے۔ دوسرے میچ میں پنجاب گرین نے ماشا یونائیٹڈ کو 1-2 گول سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ولید اور زبیر نے ایک، ایک گول کیا جبکہ ماشا یونائیٹڈ کی طرف سے واحد گول صدام حسین نے کیا۔ چیمپئن شپ میں بارہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب گرین، سمارٹ سٹی۔ پنجاب وائٹ، ماشا یونائیٹڈ، پولیس، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور دی سکس کی ٹیمیں شامل ہیں۔