کار حادثے میں زخمی ہونے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر رشبھ پنت کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 25 سالہ رشبھ پنت کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے ایم آر آئی کی رپورٹس نارمل آئی ہیں جبکہ چہرے پر زخموں کے باعث ان کی پلاسٹک سرجری کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاؤں میں سوجن اور درد کے باعث رشبھ پنت کے ٹخنوں اور گُھٹنے کا ایم آر آئی آج کیا جائے گا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بس ڈرائیور نے کیا دیکھا؟
دوسری جانب رشبھ پنت کی حادثے کے فوری بعد مدد کرنے والے بس ڈرائیور کا کہنا ہے کہ وہ کرکٹ نہیں دیکھتا اس لیے کرکٹر کو پہچان نہیں سکا تھا۔
سشیل مَن نامی ڈرائیور نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رشبھ پنت کی گاڑی بہت تیز رفتاری سے ہائی وے کی ریلنگ سے ٹکرائی جس کے فوری بعد میں اپنی بس سے اتر کر مدد کے لیے بھاگا۔
ڈرائیور نے کہا کہ گاڑی ریلنگ سے ٹکرانے کے بعد کئی مرتبہ الٹی، رشبھ پنت کھڑکی سے آدھے باہر پڑے تھے، انہوں نے بتایا کہ میں کرکٹر ہوں۔
’والدہ کو فون کرو‘
سشیل مَن نے بتایا کہ رشبھ پنت نے کہا کہ میری والدہ کو فون کرو تاہم ان کا فون بند تھا۔
بھارتی ڈرائیور نے بتایا کہ رشبھ پنت کو گاڑی سے نکالنے کے بعد گاڑی کی تلاشی لی کہ کہیں اس میں کوئی اور موجود تو نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گاڑی میں موجود کرکٹر کے بیگ سے 7 سے 8 ہزار روپے ملے جو ایمبولینس میں ان کے حوالے کیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز علی الصبح رشبھ پنت کی گاڑی کو ریاست اترکھنڈ سے نئی دلی آتے ہوئےحادثہ پیش آیا تھاجس کے بعدگاڑی میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔









