دبئی (سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے ، نئی رینکنگ کے مطابق پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی مزید ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے جس کے بعد اب وہ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار 161 رنز بنانے کے باوجود بابر اعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی ہوگئی ہے، نئی رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے بیٹر مارنس لبوشن بلے بازوں میں بدستور پہلے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا ہی کے سابق کپتان اسٹیو سمتھ نے ایک درجے ترقی پاکر دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے جب کہ بابر اعظم دوسرے نمبر سے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں ،جبکہ اوپنر بیٹر امام الحق 3 درجے ترقی پاکر 34ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
بولنگ کی بات کی جائے تو ٹیسٹ فارمیٹ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز بدستور بولرز میں سرفہرست ہیں، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن کا دوسرا، بھارت کے جسپریت بمرا کا تیسرا اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ساتویں نمبر پر ہیں، آل راؤنڈ کارکردگی میں بھارت کے رویندرا جدیجا آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلے نمبر ہیں، دوسرا نمبر بھی بھارت ہی کے روی چندرن ایشون کا ہے جب کہ بنگلا دیش کے شکیب الحسن تیسرے نمبر پر ہیں , پاکستان کا کوئی کھلاڑی آل راؤنڈرز کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل نہیں۔









