اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹر حارث رؤف کے نکاح کو کئی دن گزر جانے کے بعد اب بھی مداح اس حوالے سے مزید معلومات جاننے کے شوقین ہیں کیونکہ حارث دنیا کے شاندار فاسٹ بولرز اور پسندیدہ پاکستانی کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔
اب حارث نےنجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی ہے، نکاح کے بعد حارث کا یہ پہلا انٹرویو ہوگا جسے ناظرین جمعہ کی شب 11 بجے جیو نیوز پر دیکھ سکیں گے۔
پروگرام کے کچھ کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جس میں ایک مداح حارث سے پوچھتا ہے کہ انہوں نے کرکٹ میچ تو بہت سے جیتے ہیں لیکن بھابھی (مزنا مسعود ملک) کا دل کیسے جیتا؟
جواب میں کرکٹر مسکراتے ہوئے کہتے ہیں کہ ‘یہ قدرت کا نظام ہے، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں اور میرا بھی ایسے ہی بن گیا’۔
مداح پھر سوال کرتا ہے کہ ہمیں بھی کچھ ٹپس دیں جس پر حارث نے قدرے سنجیدہ انداز میں کہا ‘یہ اسکیم ایسی نہیں ہوتی کہ دربار دربار جاکر بیٹھو’۔
ایک اور خاتون مداح نے فاسٹ بولر سے پوچھا کہ ‘اتنی جلدی نکاح کرکے اداکارہ مایا علی سمیت تمام لڑکیوں کا دل کیوں توڑ دیا؟’
حارث نے ہنستے ہوئے کہا ‘میں ایک ہی کے ساتھ کرسکتا ہوں اور وہ میں نے کرلی ہے، اب آپ اپنا دل جوڑیں، کہیں اور جوڑ لیں اپنا دل’۔
واضح رہے کہ حارث رؤف اپنے کئی انٹرویوز میں کہہ چکے ہیں کہ مایا علی ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں اور اگر انہیں کسی اداکارہ کے ہمراہ ڈنر پر جانے کا موقع ملا تو وہ مایا ہوں گی۔









