اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )موجودہ سیاسی صورتحال سے نکلنے کےلئے حکومت کی طرف سے اعلیٰ عسکری قیادت سے تعاون مانگا گیا تھا،یہ انکشاف نجی ٹی وی نے ذمہ دار عسکری ذرائع کے حوالے سے کیا ہے ۔عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا معاملہ سامنے آنے کے بعد حالیہ دنوں میں وزیراعظم ہائوس کی طرف سے عسکری قیادت سے رابطہ کر کے کہا گیا تھاکہ ساری صورتحال آپ کے سامنے ہے،ہمیں بتائیں کہ اس صورتحال سے بہترین انداز میں کس طرح نکلا جاسکتا ہے اور اس ضمن میں آپ ہماری کس طرح مدد کر سکتے ہیں،وزیراعظم ہائوس کی طرف سے رابطہ کئے جانے کے بعد اعلیٰ عسکری قیادت وزیراعظم سے ملنے گئی جہاں صورتحال کے تناظر میں ممکنہ آپشنز ،عدم اعتماد، استعفیٰ یا الیکشن پر غور کیا گیا ،عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفیٰ دینے کے حوالے سے وزیراعظم کا یہ خیال تھا اس سے ان کی سبکی ہوگی ،عدم اعتماد کا سامنا کرنے کے دوسرے آپشن کے حوالے سے وزیراعظم کا موقف تھا کہ نمبرز گیم ان کے خلاف ہیں اور یہ تحریک کامیاب ہوجائے گی ،تیسرا آپشن یہ تھا کہ اپوزیشن تحریک اعتماد واپس لے لے جس کے بعد وزیراعظم اسمبلی توڑ کر نئے الیکشن کا اعلان کردیا،اس آپشن سے وزیراعظم نے اتفاق کیا ۔ذمہ دار عسکری ذرائع کے مطابق اس معاملے عسکری قیادت نے وزیراعظم سے کہا کہ ہمیں خوشی ہوگی اگر ہم اس صورتحال سے نکلنے آپ کی مدد کر سکیں لیکن اس کا دارومدار اپوزیشن کی رضامندی پر ہے کیونکہ اپوزیشن کے مانے بغیر ایسا ممکن نہیں ۔اس کے بعد عسکری قیادت یہ تجویز لے کر اپوزیشن کے پاس گئی اور تیسرے آپشن پر بات چیت کی گئی لیکن اپوزیشن نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا جس کے بعد یہ معاملہ بھی ختم ہوگیا۔
سیاسی کشیدگی،عسکری قیادت نے وزیراعظم کی ہدایت پر مصالحت کی کوشش کی،ذرائع








