اسلام آباد (ممتاز نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں 1 لاکھ مستحق خاندانوں میں ونٹر پیکجز تقسیم کر رہی ہے۔الخدمت اب تک 50 ہزار ونٹر پیکجز تقسیم کر چکی ہےجبکہ بقیہ 50 ہزار اگلے چند روز میں مستحقین تک پہنچا دیے جائیں گے ۔الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں بتایا کہ ونٹر پیکج کی تقسیم الخدمت کے سماجی خدمات پروگرام کا حصہ ہے جس میں ہر سال مستحق افراد میں لحاف، بستر، تکیے اور گرم کپڑے پہنچائے جاتے ہیں۔ اِس سال سیلاب کے باعث متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور سردی کے باعث بچے، خواتین اور بزرگ تکلیف میں ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن ترجیحاَ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ونٹر پیکج کی تقسیم کا کام کر رہی ہے۔ جہاں الخدمت کے مقامی ذمہ داران اور رضاکار نے گھر گھر جاکر مستحقین میں ونٹر پیکجز فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ونٹر پیکج کی فراہمی کے حوالے سے سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں خصوصی پروگرامات منعقد کیے جا رہے ہیں، جہاں منظم مربوط پروگرام کے تحت چھان بین کے بعد دیانت داری سے مستحقین کی فہرستیں تیار کی جاتی ہیں، انہیں کوپن جاری کیاجاتا ہے اور ونٹر پیکج ان مستحقین کے حوالے کیا جاتا ہے۔ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ ونٹر پیکج کا تحفہ نا صرف سردی سے بچنے کے لیے کارآمد ثابت ہوگا بلکہ بیماریوں سے بھی بچائے گا۔










