لاہور(ممتازنیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ دنیا نئے سال کا جشن منا رہی ہے، پاکستانی رو رہے ہیں، آٹے کے لیے شہر شہر قطاریں، نوجوان مزدوری کی تلاش میں فٹ پاتھوں پر یا ملک سے باہر جانے کے لیے ائر پورٹس پر ملیں گے، تاجر پریشان ہیں، غربت مہنگائی سے ہر پانچواں پاکستانی ڈپریشن میں، چترال سے کراچی تک شاید ہی کسی پاکستانی کے چہرے پر مسکراہٹ نظر آئے، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا نے مل کر پاکستان کو محرومیوں کا قبرستان بنا دیا ۔
علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی مرکزی اور صوبائی حکومتیں اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ کی وجہ سے ہیں، اگر پنجاب میں ق لیگ کا وزیراعلیٰ ہے تو بھی اسٹیبلشمنٹ کی مرہون منت، ایم کیو ایم بھی انہی کے اشاروں پر چلتی ہے۔ حکمرانوں نے ملک کو معاشی، سیاسی، سماجی طور پر مفلوج کیا۔ آج ملک کے ایٹمی اثاثے استعماری طاقتوں کے نشانہ پر ہیں۔ حکمران عالمی سطح پر پاکستانیوں کو بھکاری بنا کر پیش کرتے ہیں، ان کی وجہ سے اوورسیز پاکستانیوں کو ہر جگہ شرمندگی اٹھانا پڑتی ہے، گرین پاسپورٹ کی بے قدری حکمران اشرافیہ کی وجہ سے ہے، ملکی کرنسی کا بیڑہ غرق انہوں نے کیا، اسحق ڈار بتائیں کہاں ہے ان کا جادو اور کہاں گئے ان کے دعوے۔ آج خزانہ خالی ہے، ڈالر بلیک ہو رہا ہے، بندرگاہوں پہ ایل سی نہ کھلنے کی وجہ سے ہزاروں کنٹینرز پھنسے پڑے ہیں، لوگوں کو ان کا سامان نہیں مل رہا، بنک لوگوں کو درآمدگی سامان کی ادائیگیوں کے لیے ڈالر نہیں دے رہے۔ اشیا خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں، آٹا ایک سو ساٹھ روپے کلو ہوگیا، ٹرائیکا کی نااہلی اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ہر طرف بحران ہے۔حکمرانوں کو حالات کی پروا نہیں، پی ڈی ایم، پی ٹی آئی آپسی لڑائیوں میں مصروف، انہوں نے ملک کا تماشا بنا دیا۔ وزیراعظم کا کوئی غیرملکی سربراہ اس خوف کی وجہ سے فون نہیں سنتا کہ پیسے مانگے جائیں گے۔ حکمران بتائیں ان کے لیے گئے پہلے قرضوں کا کیا بنا، حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے قرض لے کر کرپشن کی، اپنا مال بنایا، جائیدادیں اور آف شور کمپنیاں بنائیں، انہوں نے عوام کو لوٹا، وسائل کو بے دردی سے لوٹا حتیٰ کہ یہ سیلاب متاثرین کی امداد تک کھا گئے۔ قوم ان سے حساب لے، قوم ووٹ کی طاقت سے ان ظالموں کا احستاب کرے، یہ عوام کی گردنوں پر مسلط رہے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا، یہ سو سال بھی حکومت میں رہے تو پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی کی چابی اسلامی نظام ہے اور صرف جماعت اسلامی ہی پاکستان میں حقیقی احتساب، عدل وانصاف پر مبنی نظام قائم کرسکتی ہے۔ جماعت اسلامی سودی معیشت کو ختم کرے گی، نوجوانوں کو روزگار دے گی، ہم بنجر زمینوں کو آباد کریں گے،وسائل کو عوام پر خرچ کریں گے، پروٹوکول کلچر کا خاتمہ کریں گے، ہم اللہ تعالی کی مدد و نصرت سے پاکستان کو حقیقی معنوں میں کلین گرین کرپشن فری خوشحال اسلامی پاکستان بنائیں گے۔ آئیے مل کر یہ منزل حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کو تیز کریں، آئیے اس پاکستان کی تعمیر کریں جس کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دیں۔
پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا نے مل کر پاکستان کو محرومیوں کا قبرستان بنا دیا ،سراج الحق








