اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی نے محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی مسترد کردی ۔میاں اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں کہاگیا ہے کہ محسن نقوی نگران وزارتِ اعلیٰ کے منصب کیلئے نہایت غیرموزوں اور نامناسب شخص ہیں، الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے سے صوبے میں سنگین نوعیت کے عدمِ استحکام کی بنیاد ڈالی ہے، محسن نقوی کا کردار نہایت متنازعہ، اہلیت و صلاحیت سے مکمل محروم ہے۔بیان کے مطابق بطور اراکین پارلیمانی کمیٹی ہم نے محسن نقوی کے صلاحیت و کردار کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو مہیا کیں، محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ تقرری صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد کے دستوری فریضے پر ایک کاری ضرب ہے، پنجاب کے عوام الیکشن کمیشن کے اس نہایت متنازعہ تقرری کو بالکل قبول نہیں کریں گے، صاف شفاف انتخابات کے انعقاد اور مؤثر انتقالِ اقتدار کیلئے بہترین ساکھ و صلاحیت کی حامل نگران شخصیت ناگزیر ہے، عدالتِ عظمیٰ اور عوام دونوں سے اس متنازعہ فیصلے کے خلاف رجوع کریں گے۔
محسن نقوی نگران وزارتِ اعلیٰ کے منصب کیلئے نہایت غیرموزوں اور نامناسب شخص ہیں، پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی








