اسلام آباد(ممتازنیوز)صدر عارف علوی نے عالمی یوم ِ تعلیم کے موقع پراپنے پیغام میں کہاہے کہ تعلیم انسانی ترقی کا ایک اہم عنصر اور پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔تعلیم کا ملک کی معاشی اور سماجی ترقی سے گہرا تعلق ہے۔انسانی وسائل میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کے بغیر کوئی بھی ملک پائیدار اقتصادی ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ تعلیم ترقی کا ایک طاقتور محرک ہے اور غربت کم کرنے کا موثر ترین ذریعہ ہے۔ تعلیم افراد کے لیےروزگار اور صحت میں بہتری اور غربت میں کمی کا باعث بنتی ہے۔قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کے تعلیمی نظام کو تمام قومی مقاصد کے حصول کیلئے ایک اہم محرک تصور کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ پہلی قومی تعلیمی کانفرنس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ نظام ِتعلیم پاکستان کی قومی امنگوں کے مطابق کام کرے گا اور اس کا پاکستانی عوام کی ضروریات سے حقیقی معنوں میں تعلق ہوگا۔اس وقت نوجوان نسل اپنے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہے۔ بہت سے نوجوان ترقی یافتہ ممالک میں ایک روشن اور خوشحال مستقبل کی خاطر پاکستان کو چھوڑ رہے ہیں۔نوجوانوں کو قابل قدر تعلیم فراہم کرنے اور اپنے کیرئیر میں سبقت حاصل کرنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ہمیں اسکول سے باہر بچوں کے داخلوں میں اضافے پر بھی توجہ دینا ہوگی۔پاکستان تمام بچوں کو اسکولوں تک رسائی فراہم کر کے شرح خواندگی میں اضافہ کرنے کا عزم کرتا ہے۔ عہد کرتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نوجوانوں کو باعزت روزگار حاصل کرنے کے قابل بنائیں گے، نظام ِ تعلیم میں بہتری لائیں گے۔
تعلیم ترقی کا ایک طاقتور محرک،غربت کم کرنے کا موثر ترین ذریعہ ہے، عارف علوی کا عالمی یوم تعلیم پر پیغام







