بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت میں چینی سیٹلائٹ گِر پڑا، حکام اور عوام میں خوف و ہراس

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی حکام نے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا ہے کہ مہاراشٹرا میں چندر پور پولیس اور انتظامیہ نے گزشتہ شام کو مبینہ طور پر آسمان سے گرنے والی دو اشیاء کو قبضے میں لے لیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ یہ پرزے چینی سیٹلائٹ کے ہیں۔  ہفتہ کے روز ضلع کے سینکڑوں دیہاتیوں نے آسمان پر جلتی ہوئی چیز کو دیکھا، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔مہاراشٹر کے چندر پور ضلع کی تحصیل سندواہی کے لاڈبولی گاؤں میں ہفتہ کی شام ساڑھے سات یا آٹھ بجے کے قریب10 فٹ قطر کا ایک دھاتی رِنگ ملا۔چندر پور کے ضلع کلکٹر اجے گلہانے نے بتایا کہ گاؤں والوں نے اس جلتی ہوئی چیز کو آسمان سے گرتے ہوئے دیکھا تھا۔ اس چیز کو جمع کرکے پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے۔گلہانے نے کہا کہ اسی طرح، اتوار کی صبح علاقے کے پاون پاڈ گاؤں میں ایک سے ڈیڑھ فٹ قطر کی ایک دھاتی سلینڈریکل شکل کی چیز ملی۔واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے اے ڈی جی پی راجندر سنگھ نے کہا کہ وہ اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔بھارتی ماہرین فلکیات کے مطابق آسمان سے گرتی نظر آنے والی شے کوئی شہابِ ثاقب نہیں بلکہ ایک سیٹلائٹ ہے جو زمین کی فضا سے رابطے میں آنے کے بعد تباہ ہو کر مختلف خطوں میں گرا ہے۔کسی سیٹلائٹ کے مدار میں گردش کرنے کے دورانیے کے بعد، اسے عموماً کنٹرولڈ طریقے سے تباہ کر دیا جاتا ہے، لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ سیٹلائٹ کنٹرول سے باہر ہو کر زمین کی فضا میں داخل ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں تقریباً 14 سال کے بعد ایسا واقعہ رونما ہوا ہے۔ایک ماہر فلکیات کا کہنا تھا کہ انہیں دستیاب معلومات کے مطابق ایک بار جب ایسے سیٹلائٹ فضا میں داخل ہوتے ہیں، تو یہ جلنا شروع ہو جاتا ہے اور مختلف جگہوں پر گرتے ہیں، اس سیٹلائٹ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہوگا۔اس مخصوص سیٹلائٹ کے مختلف حصے راجستھان، گجرات، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر سمیت دیگر ریاستوں میں گرے تھے۔