بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، انڈیا کی بلاول بھٹو زرداری کو شرکت کی دعوت

بھارت نے پاکستان کے وزیر خارجہ کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی ۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق مئی میں گوا میں ہونے والے ایس سی او کے اجلاس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت دی گئی ۔
ایٹمی اسلحے سے لیس دونوں پڑوسی ملکوں میں تعلقات گزشتہ کافی عرصے سے کشیدہ ہیں اور اس دعوت نامے کو برف کے پگھلنے کا اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان کے وزیراعظم نے انڈیا کو کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت کی پیش کش کی تھی۔
صرف ایک ماہ قبل ہی انڈیا میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے سے ایک بیان پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئی تھیں۔
بلاول بھٹو زرداری کے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ایک بیان کو انڈیا نے ’غیر مہذب‘ قرار دیا تھا۔
برطانوی خبررساں ادارے کی جانب سے دعوت نامے کی تصدیق کے لیے پاکستان اور انڈیا کے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا گیا تاہم فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
شنگھائی تعاون تنظیم میں چین، انڈیا، روس، پاکستان اور چار وسطی ایشیائی ریاستیں شامل ہیں۔
دعوت نامہ اسلام آباد میں انڈیا کے ہائی کمیشن کی جانب سے پہنچایا گیا۔ اگر پاکستان یہ دعوت نامہ قبول کرتا ہے تو بلاول بھٹو زرداری گزشتہ 12 برس میں پہلے وزیر خارجہ ہوں گے جو انڈیا کا دورہ کریں گے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان 2019 کے اواخر میں کشیدگی بڑھ گئی تھی جب انڈیا نے کشمیر کی خودمختار حیثیت کا خاتمہ کیا تھا۔
اس کے بعد سے دونوں ملکوں میں سرکاری سطح پر بات چیت معطل ہے۔