اسلام آباد(طارق محمود سمیر) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان آئندہ ہفتے رحیم یارخان سے اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے وزیراعظم شہبازشریف سے اہم بات چیت کریں گے جبکہ آج رحیم یار خان ایئرپورٹ پر پروٹوکول کے تقاضوں کو نظر انداز کرتے اور دونوں ملکوں کے برادرانہ اور قریبی تعلقات کے باعث متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان وزیراعظم شہبازشریف کوروایات سے ہٹ کر جہاز کے اندر لے گئے جہاں اپنی فیملی کے افراد سے خصوصی طور پر انہیں ملوایا اور اپنے بیٹوں سے بھی ان کی ملاقات کرائی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے رحیم یار خان ایئرپورٹ پہنچنے پر استقبال کے لئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ، وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور دیگر حکام کے ہمراہ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا ۔روایتی استقبالیہ تقریب کے بعد متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان وزیراعظم شہبازشریف کا ہاتھ پکڑ کےوالہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ جہاز کے اندر چلے گئے جس پر دونوں ممالک کے سفارتی حکام حیران ہو ئے ۔ ذرائع نے’’روزنامہ ممتاز ‘‘ کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پہلے اپنے بیٹوںسے وزیراعظم شہبازشریف کا تعارف کرایا اور بعد ازاں اپنے اہل خانہ سے انہیں ملوایا اور کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات نہ صرف دونوں برادرانہ ملک ہیں بلکہ ہمارے آپ کی فیملی کے ساتھ بہت قریبی تعلقات ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے صدر نے یہاں تک کہا کہ انہیں پاکستان کی معاشی صورتحال کا علم ہے ، جناب وزیراعظم متحدہ عرب امارات آپ کی توقعات سے زیادہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اور میں آئندہ ہفتے اسلام آباد پہنچ کر اس معاملے پر تفصیلی بات چیت کروں گا، آپ تیاری کریں توقع سے زیادہ سرمایہ کاری ہو گی۔وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ان کے بچوں سے انگریزی کے علاوہ عربی زبان میں بھی گفتگو کی جس پر صدر اور ان کے اہلخانہ نے خوشی کا اظہار کیا ۔سفارتی حلقوں کے مطابق متحدہ عرب امارات پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہاہے اور صدر شیخ محمد بن زید النہیان جب اسلام آباد آئیں گے تو اس حوالے سے بڑا بریک تھرو متوقع ہے ۔
متحدہ عرب امارات کے صدر آئندہ ہفتے اسلام آباد پہنچیں گے








