اسلام آباد(ممتازنیوز) پاکستان اپنی نشریات کو موثر بنانے ، ان کی استعداد کاربڑھانے اور انسانی وسائل کی بہتری کیلئے متعدد شعبوں میں تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔ سرکاری نشریاتی ادارہ (نشریاتی ادارہ) کی سرگرمیوں میں اصلاح کے لئے اس کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے مختلف طریقوں کو بھرپور طریقے سے اپنایا جارہا ہے جن میں نئے سٹوڈیوز کا قیام، جدید ترین ٹیکنالوجی کو اپنانا، نئے ایف ایم چینلز کا آغاز، مواد میں جدت اور آمدن بڑھانے کے ذرائع پیدا کرنا شامل ہیں۔
مضبوط اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت لاہور اور اسلام آباد میں جدید سہولتوں سے آراستہ سٹوڈیوز قائم کئے گئے ہیں جو فعال ہوچکے ہیں۔سپورٹس اور پلانٹ چینلز ایف ایم 87.6 کے آغاز سے معاشرے کے دو اہم طبقات کیلئے خصوصی مواد نشر کیا جارہا ہے، اسی طرز پر اسلام آباد میں نیوٹیک اور ماحولیات کیلئے چینلز قائم کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ موجودہ انتظامیہ بجٹ خسارے کے مسئلے سے مستقل طور پر نمٹنے کیلئے کارپوریشن کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
پاکستان براڈ کاسٹنگ فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے مختلف قسم کے ایسے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جن میں آمدنی میں اضافہ ہوگا، وسط مدتی اور طویل مدتی اقدامات پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ عملے اور فنکاروں کو بروقت معاوضوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے اور دیگر اخراجات پورے کرنے کیلئے فنڈز کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے بھرپورکوشش کی جارہی ہیں۔ریڈیو کی ڈیجیٹلائزیشن کے جامع منصوبے کے تحت ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر لگانے کے منصوبے پرکام ہورہا ہے اس کے علاوہ پروگراموں کی تیاری پروڈکشن کو بھی ڈیجیٹل کیا جارہا ہے۔
موجودہ جدید دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت کا بھرپور احساس کرتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ سوشل میڈیا کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی اور جدید رجحانات کو متعارف کرانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
دوسری طرف یہ امر انتہائی قابل افسوس ہے کہ کچھ عناصر اپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے ان اقدامات کو اپنے مفادات کی راہ میں رکاوٹ اور خطرات تصور کرتے ہیں اوروہ ان تعمیری اور اصلاحی سرگرمیوں میں مصروف کار افراد پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں، تاہم ادارے کی انتظامیہ ان عناصر کے مذموم عزائم سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کے اپنے حق کو محفوظ رکھتی ہے۔
ریڈیو پاکستان کی نشریات مؤثر بنانے کیلئے ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر کی تنصیب کے منصوبے پرکام جاری








