بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قومی وسائل لوٹنے والے قومی لٹیرے ، انہیں بلاامتیاز قانون کے شکنجے میں لانا لازمی ہے، محمد سلیم بھٹی

اسلام آباد(ممتازنیوز) ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب محمد سلیم بھٹی نے کہا ہے کہ انتخابات کے ساتھ ساتھ بدعنوان عناصر کا احتساب ناگزیر ہے۔قومی وسائل لوٹنے والے قومی لٹیرے ہیں، انہیں بلاامتیاز قانون کے شکنجے میں لانا لازمی ہے۔انہوں نے ملکی اقتصادی اور معاشی کمزوریوں کو دور کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 بڑی صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی کے اراکین کے استعفیٰ منظور ہونے کے بعد الیکشن کمیشن تمام امیدواران اور خصوصی طور پر سابقہ اراکین کے گوشوارے چیک کرکے متعلقہ اداروں جیسے احتساب بیورو اورایف بی آر کے ذریعے بدعنوان عناصر کا کڑا احتساب کرنے کا عمل بھی شروع کرے،سلیم بھٹی نے کہا کہ احتساب اس لئے لازمی ہے کہ قومی وسائل کو محفوظ رکھنے کے لئے چور،بجلی چور،تیل اور گیس چور کے ساتھ ساتھ قومی خزانہ لوٹنے والے عناصرکی نہ صرف سرکوبی کی جائے بلکہ ساتھ ساتھ ایسے لٹیرئے مجرموں سے قوم کو محفوظ بھی بنایا جاسکے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ احتسابی عمل بلاامتیاز اور بلاتفریق ہو جس کی شفافیت پر کسی کو اعتراض نہ ہو،ایف بی آر بلا خوف وخطر قومی مفادات کے پیش نظر صرف سیاستدانوں ہی نہیں بلکہ سابقہ جرنیلوں،ججز،انتظامی افسران اور تاجر طبقہ پر بھی خصوصی نظر رکھے۔انہوں نے وزیروں اور حکومتی مشیروں سے بھی اپیل کی کہ وہ قومی معاشی ابتر صورت حال کے پیش نظر اپنی ہر قسم کی سرکاری مراعات سے دستبردار ہوجائیں اور قومی خزانے پر بوجھ بنے بغیر اپنی صلاحیتوں سے ملک وقوم کو معاشی دیوالیہ پن کے خطرے سے نکلنے میں مدد کریں،اسی طرح ہر اسمبلی کے ممبران کو بھی چاہئے کہ جب تک ملک وقوم ترقی کی راہ پر رواں نہ ہوجائے اور قومی قرضے ادا نہ ہوجائیں وہ بھی سرکاری مراعات سے دستبردار ہوجائیں،سلیم بھٹی نے مذید کہا کہ سیاستدانوں نے ملک وقوم کے بہتر مفادات کے تابع ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اب بھی حالات کا تقاضا ہے کہ سیاستدان ایک قدم آگے بڑھ کرججز،جرنیل،بیوروکریسی اور دیگر انتظامی افسران کے لئے مشعل راہ بنیں، تاکہ پوری قوم ملکر وطن عزیز کو بحرانی کیفیت سے نکال کر ترقی یافتہ اقوام کے مقابل کھڑا کرسکے۔