بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جماعت اسلامی کا سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی، اوراق مقدس کو نذرآتش کرنے کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد (ممتازنیوز) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی، اوراق مقدس کو نذرآتش کرنے کے واقعہ کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی کال پر ملک بھر کی طر ح اسلام آباد میں الفر قان مسجد آئی ایٹ کے سامنے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کی جبکہ احتجاجی مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد ملک عبدالعزیز، محمد کاشف چوہدری اور سیکرٹری جنرل زبیر صفدر سمیت جماعت اسلامی اہل کتاب ونگ کے صدر جمیل کھو کھر نے بھی خطاب کیا،مظاہرے میں بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور شہریوں نے شر کت کی،شرکاء نے سویڈن حکو مت کے خلاف درج نعروں پر مبنی پلے کارڈ اور بینرز اُٹھا رکھے تھے، جبکہ مظاہرین نے زبردست غم و غصے کا اظہار کر تے ہو ئے سو یڈن حکو مت کے خلاف نعرے بازی کی۔
اس موقع پر میاں محمد اسلم نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی، اوراق مقدس کو نذرآتش کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے کہا مغربی استعماری قوتیں تواتر کیساتھ مسلم دشمنی میں اسلام،شعائر اسلام، پیغمبر اسلام اور اللہ کی مقدس کتاب قرآن پاک کی توہین اور بے حرمتی کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بن رہی ہیں اورمذہبی اشتعال انگیزی کے ذریعہ اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتی ہیں انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف تعصب اور انتہا پسندی کی ایسی خلیج پیدا کی جارہی ہے جس سے نفرتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے دنیابھر میں مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے اور ان کی مذہبی آزادی پر قدغن لگائی جارہی ہیں قرآن پاک کی توہین کے دلخراش واقعات کے ذریعے اسلام کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف، مسلم حکمراں بالخصوص او آئی سی سویڈن حکومت سے قرآن کی بیحرمتی کرنے والے سیاسی رہنما کو گرفتار کرنے اور سزا دلوانے کے لیے خصوصی کردار ادا کریں، میاں محمد اسلم نے کہا سوئیڈن کے بعدہالینڈ میں بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ اشتعال انگیزاقدام اور کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیاگیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
ملک عبدالعزیز اور محمد کاشف چوہدری نے کہا سویڈن میں آزادی اظہار رائے کے نام پر قرآن کی بے حرمتی کی جارہی ہے،سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے،قرآن کی حرمت کی خاطر تمام عالم اسلام کے مسلمان جان دینے لیے تیار ہیں،امت مسلمہ کے حکمران ناپاک جسارت کوروکنے کے اقدامات نہیں کرتے،پاکستان ایٹمی پاور ہے،اس کے باوجود بمشکل مذمتی بیان جاری ہوا،مغربی طاقتیں مسلم حکمرانوں کی کمزوری کی وجہ ہی سے ناپاک جسارت کرتی ہیں،انھوں نے کہا شعائر اسلام کے خلاف سازش کرنے والے مسلمانوں کو ابھارنے کی کوشش کررہے ہیں،مسلمان کسی صورت بھی شعائر اسلام کے خلاف بے حرمتی قبول نہیں کریں گے،ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام امت مسلمہ ایک کلمہ کی بنیاد پر متحد ہوجائیں تاکہ پھر سے ایسے ناپاک اقدام کرنے کی جرات نہ ہو۔