برسلز(ممتازنیوز) یورپی یونین نے کئی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ’اگر وہ اپنے غیرقانونی تارکین وطن کو واپس نہیں بلائیں گے تو ان پر ویزہ پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈین کے وزیر برائے تارکین وطن نے جمعرات کو کہا ہے کہ یورپی یونین کے وزراء داخلہ کے درمیان اس بات پر ’اتفاق‘ ہوا ہے کہ اپنے غیرقانونی تارکین کو واپس نہ بلانے والے ممالک پر یورپ کے ویزوں سے متعلق پابندیاں لاگو کی جائیں گے۔
اس متوقع سخت پالیسی کی جھلک یورپین کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لیین کی جانب سے جمعرات کو یورپی یونین کے ممالک کے رہنماؤں کو بھیجے گئے خط میں نظر آئی ہے۔
ارسلا وان ڈیر لیین نے اپنے خط میں بنگلہ دیش، پاکستان، مصر، مراکش، تیونس اور نائیجیریا جیسے ممالک کا ذکر کیا ہے۔
یہ خط یورپی یونین کے 9 اور 10 فروری کے اس سربراہی اجلاس سے قبل بھیجا گیا ہے جس میں اس مسئلے پر بات کی جائے گی۔
ارسلا وان ڈیر لیین نے کہا کہ ’یورپی یونین کے رکن ممالک رواں برس کی پہلی ششماہی میں ایک پائلٹ سکیم پر دستخط کر سکتے ہیں تاکہ اہل تارکین وطن کے لیے سکریننگ اور سیاسی پناہ کے طریقہ کار کو تیز کیا جا سکے اور جو اس کے لیے اہل نہیں ہیں، ان کی ’فوری واپسی‘ کی جا سکے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ چاہتی ہیں کہ یورپی یونین ’خطے کے محفوظ ممالک‘ کی فہرست تیار کرے اور بحیرۂ روم اور مغربی بلقان کے ان راستوں پر سرحدی نگرانی کو سخت بنائے جو تارکین وطن یورپ جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔‘
ارسلا وان ڈیر لیین نے کہا کہ ’یورپی یونین نے بنگلہ دیش، پاکستان، مصر، مراکش، تیونس اور نائیجیریا جیسے ممالک کے ساتھ تارکینِ وطن سے متعلق معاہدے کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ واپسی کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔‘
دوسری جانب یورپی یونین کے ہوم افیئرز کی کمشنر یلوا جوہانسن نے کہا ہے کہ ’گزشتہ برس 10 لاکھ کے لگ بھگ سیاسی پناہ کی درخواستیں موصول ہونے کی وجہ سے کئی یورپی ممالک پر ’بہت زیادہ دباؤ‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کی یوکرین کے ساتھ جنگ کے بعد 40 لاکھ یوکرینی تارکین وطن کی آمد کی وجہ سے بھی یورپی ممالک مسائل کا شکار ہیں۔
یورپی ممالک کا رخ کرنے والے افراد کی واپسی کی شرح میں بہت زیادہ کمی دیکھی گئی ہے۔
2021 میں تین لاکھ 40 ہزار پانچ افراد کو یورپی ممالک سے واپس جانے کا حکم دیا گیا تھا لیکن ان میں صرف 21 فیصد اپنے ممالک کے لیے واپس روانہ ہوئے تھے۔
پاکستان غیرقانونی تارکینِ کو واپس بلائے ورنہ ویزا پابندیاں لگا دیں گے، یورپی یونین کی دھمکی








