بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وہم و تصور میں بھی نہ تھا ریاست کرپٹ کٹھ پتلیوں اور منشیوں کے ذریعے چلائی جاسکتی ہے، شیری مزاری

اسلام آباد(ممتازنیوز)مرکزی سینئر نائب صدر تحریک انصاف ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہےکہ حقیقت یہی ہے کہ تبدیلی سرکار کی سازش کے بعد پاکستان کے بارے میں معمول کے تمام تصورات یکسر بدل چکے ہیں۔کسی کے وہم و تصور میں بھی نہ تھا کہ ریاست مایوس کن کرپٹ کٹھ پتلیوں اور منشیوں کے ذریعے چلائی جاسکتی ہے۔منگل کو اپنے ٹوئٹس میں انہوں نے کہا کہ یہ تصور بھی محال ہے کہ کٹھ پتلیوں کی مکمل ناکامی کے بعد دیگر غیرجمہوری راستے ٹٹولے جائیں گے۔پاکستان کو پوری طرح امریکہ کے قدموں میں ڈھیر کرنے کا تصور بھی پوری طرح آشکار ہے۔انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلیوں کے پاکستان میں وزیرخارجہ امریکہ کی کھلی اجازت کے بعد ہی روس کے دورے کی جسارت کرتا ہے۔انٹیلی جنس کی ناکامیوں کے باعث دہشتگردی میں نہایت خوفناک اضافہ بھی اسی تصور کا نتیجہ ہے۔پوری توجہ جعلی آڈیوز، ویڈیوز اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف بغاوت کے جھوٹے مقدموں کے اندراج تک محدود ہے۔پاکستان کے اس نئے خاکے میں دستور و قانون سے کھلے انحراف کی رسم کی پرورش جاری ہے۔اس پاکستان میں طاقتور بلاخوفِ احتساب بنیادی حقوق اور قانون کو پیروں تلے روندتے ہیں۔پاکستان کے بارے میں نت نئے تصورات کی بجائے دستور کے نفاذ، بنیادی حقوق کی تعظیم اور قانون سے انحراف کے سلسلۂ بد کو روکنے پر توجہ مرکوز کی جائے۔