مظفر آباد (ممتازنیوز) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سینئیر رہنما شیخ عبدالماجد نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 10 لاکھ سے زائد بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں کشمیر کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور وہاں ماوارئے عدالت قتل و غارت روز کا معمول بن چکا ہے یہی وجہ ہے کہ آج مقبوضہ جموں کشمیر میں قبرستان جیسی خاموشی چھائی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 75 برسوں سے بدترین حالات، دہشت اور ظلم و بربریت کے خلاف سینہ سپر ہیں اور بھارت کشمیریوں پر غیر انسانی حربے، سفاکانہ قوانین اور ریاستی دہشت گردی سے خاموش کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی ’’فاشسٹ حکومت‘‘ کی جارحیت اور پر تشدد تدابیر کشمیری عوام کے روح آذادی کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔
حریت رہنما شیخ ماجد نے کشمیریوں کو خودارادیت کے جائز حق کے لئے بے مثال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری کی قربانیاں کبھی رائیگان نہیں ہوسکتی اور نہ ہی کسی کو کشمیریوں کی بے مثال جدوجہد پر شب خون مارنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے دیرینہ مسئلہ ہے جو بھارتی ہٹ دھرمی، انسانی حقوق کی پامالیوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے حل نہ ہوسکا لیکن وہ دن دور نہیں جب اقوام عالم کو کشمیریوں کے مطالبے کو تسلیم کرنا پڑے گا اور کشمیری عوام بھارتی جبر اور ناجائز قبضے کے خلاف جرأت مندانہ جدوجہد میں سرخرو ہوں گے۔
حریت رہنما شیخ ماجد نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات سے نہ صرف جموں وکشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قانون کی خلاف ورزی کی بلکہ دستور ہند کو بھی پامال کرنے کا مرتکب ہوچکا ہے۔ حقیقت یہ ہے کی بھارت کشمیر کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے، کشمیروں کی شناخت مٹانے اور کشمیریت کو ختم کرنے کی بدترین پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ بدقسمتی سے بھارت زعم باطل میں اندھا ہوچکا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی جغرافیائی سالمیت کو تہس نہس کرکے کشمیری عوام کے جائز حق کے حصول کے جذبے کو دبانے میں کامیاب ہوجائے گا اور انہیں ان کے بنیادی حق استصواب رائے پر سمجھوتہ کرنے پر مجبور کردے گا لیکن بھارت سرکار کو دونوں مقاصد میں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے اور بھارت کے غیر انسانی اقدامات اور جبر و استبداد نے کشمیریوں کے عزم آذادی کو اور پختہ کردیا ہے۔
حریت رہنما شیخ ماجد نے کہا ہے کہ تنازع جموں کشمیر اقوام عالم کے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی میڈیا اور سول سوسائیٹیز کو مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی ظلم وستم، جبر واستبداد اور انسانی المیہ کے خاتمے کے لئے یک زبان مطالبہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ سلامتی کونسل کے قراردادوں کو روبہ عمل لاکر بھارت کو مقبوضہ جموں کشمیر میں استصواب رائے پر مجبور کیا جائے









