بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد، سپیشل سینٹرل عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )سپیشل سنٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کرنےکا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔  فیصلے میں کہا گیا کہ  قوانین کے مطابق ٹرائل کورٹ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کا اختیار نہیں رکھتی ۔

تفصیلات کے مطابق شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں سپیشل جج سنٹرل عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کیا اور کہا کہ ٹرائل کورٹ کے پاس اپنے فیصلے کو منسوخ کرنے کا کوئی اختیار نہیں ، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ اپنا فیصلہ منسوخ کر سکتی ہے لیکن ٹرائل کورٹ نہیں ،ہائیکورٹ کے پاس آئین کے تحت بے شماراختیارات ہیں، ملزم رکن اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر ہے ، اسمبلی اجلاس کی وجہ سے اسلام آباد میں ہے،  ایف آئی اے کی درخواست میں کوئی قانونی جواز نہیں اس لیے مسترد کرتے ہیں ۔

سماعت کے آغاز پر ایف آئی اے  کے وکیل نے شہباز شریف کی عدم پیشی پر ضمانت میں توسیع کا حکم منسوخ کرنے کی استدعا کی جس پر شہباز شریف کے وکیل نے دلائل دیے کہ عدالتی فیصلہ قانون کے مطابق ہے ۔

سپیشل سینٹرل عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے دائرشہباز شریف کی عبوری ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فرد جرم کی کارروائی کیلئے شہباز شریف اور حمزہ شریف کو 11اپریل کو طلب کر لیا ۔

شریک ملزم عثمان کی عدالتی دائرہ اختیارپر درخواست مسترد ہو چکی ہے ،تمام ملزمان کو چالان کی کاپیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔